پنجاب حکومت کی کرسمس گرانٹ مستحق مسیھی گھرانوں تک پہنچانے کی کوشش

24 Dec, 2024 | 12:31 PM

راودلشادحسین: کرسمس میں صرف ایک روز باقی ہے مگر پنجاب حکومت کی جانب سے اعلان کردہ کرسمس گرانٹ مستحق مسیحی خاندانوں تک نہیں پہنچ سکی۔ محکمہ اقلیتی امور کو اُمید ہے کہ تاخیر سے ہی سہی تاہم آج 24 دسمبر کو ہی زیادہ تر مسیحی خاندانوں کو گرانٹ کے چیک مل جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق، پنجاب کے 10 ہزار مستحق مسیحی خاندانوں کو کرسمس گرانٹ ایک روز قبل بھی فراہم نہیں کی جا سکی۔مستحق خاندانوں کی فہرست تاخیر سے اضلاع کی انتظامیہ کو فراہم کی گئی جس کے باعث امدادی رقم کا اجراء نہیں ہو سکا۔

 گزشتہ سال حکومت کی جانب سے اقلیتی برادریوں کے مستحق خاندانوں کو کرسمس جیسے مذہبی تہوار پر 10 ہزار روپے فی خاندان گرانٹ دی گئی تھی۔ اس سال وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس گرانٹ کو بڑھا کر 15 ہزار روپے فی خاندان کر دیا تھا اور مجموعی رقم کو 10 کروڑ روپے سے بڑھا کر 15 کروڑ روپے سالانہ کر دیا۔

محکمہ اقلیتی امور کے نے مستحق خاندانوں کے سربراہان کے بینک اکاؤنٹس نہ ہونے کا عذر پیش کیااور کہا کہ اس  کی وجہ سے بھی گرانٹ کی تقسیم میں تاخیر ہوئی۔ وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے وزیر خزانہ سے خصوصی درخواست کی جس کے بعد محکمہ خزانہ کا ایس اے پی سسٹم آپریشنل کیا گیا۔

محکمہ اقلیتی امور کو اُمید ہے کہ آج 24 دسمبر کو ہی زیادہ تر مسیحی خاندانوں کو گرانٹ کے چیک مل جائیں گے۔ فیلبوس کرسٹوفر نے کہا کہ حکومت مستحق مسیحی خاندانوں کو کرسمس سے پہلے گرانٹ فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف ہمیشہ اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے کام کر رہی ہیں۔
 

مزیدخبریں