عابد چوہدری: چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور نے شہر میں ٹریفک چالان ٹارگٹ ختم کر دیا ہے اور اس کے ساتھ ہی ٹریفک اسسٹنٹس کے تبادلوں اور وارڈنز کی ڈیوٹی کے حوالے سے نئے ایس او پیز جاری کیے ہیں۔
مراسلے کے مطابق، اب کوئی بھی سینئر افسر چالان ٹارگٹ نہیں دے گا اور چالان کی تعداد کے حوالے سے کسی قسم کا دباؤ نہیں ڈالا جائے گا۔ مزید برآں، سینئر افسر کی مرضی کے بغیر سرکل افسر سمیت کسی بھی وارڈن کی تعیناتی نہیں کی جائے گی۔
سی ٹی او لاہور نے یہ بھی ہدایت دی ہے کہ ایس پیز کسی بھی ڈی ایس پیز، سیکٹر انچارج اور وارڈنز کا تبادلہ کرواسکتے ہیں جبکہ ڈی ایس پیز اپنے سرکل میں سیکٹر انچارج اور وارڈنز کے تبادلے کرواسکتے ہیں۔
ٹریفک وارڈنز کو بھی اپنی مرضی سے ٹریفک اسسٹنٹ کے تبادلے کی اجازت ہوگی۔ 7 روز کی مسلسل غیر حاضری پر متعلقہ افسر کو معطل کیا جائے گا اور ان کی تنخواہ بند کر دی جائے گی۔
مراسلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کسی وی آئی پی ڈیوٹی کے بعد نفری کو سٹینڈ ڈاؤن دیا جائے گا اور ٹریفک سگنلز پر بھکاریوں، بچوں یا خواجہ سرا نظر آنے کی صورت میں متعلقہ افسر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔