عمران یونس: پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر طلباء کے لیے ایک نیا ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔
یہ ہدایت نامہ تمام ڈینز، پرنسپلز، ڈائریکٹرز اور چیئرمین کو جاری کیا گیا ہے جس میں طلباء کے لیے یونیورسٹی میں داخلے کے لیے سٹوڈنٹ اور ڈیپارٹمنٹل کارڈز کی موجودگی کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔
مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ تمام ہیڈز کو یہ ہدایت دی گئی ہے کہ وہ طلباء کے پاس کارڈز کی موجودگی کو یقینی بنائیں کیونکہ بغیر کارڈ کے کوئی طالب علم یونیورسٹی میں داخل نہیں ہو سکے گا۔ اس کے علاوہ سکیورٹی چیکنگ کے دوران طلباء کو سکیورٹی اسٹاف سے مکمل تعاون کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
جن طلباء کے پاس کارڈز نہیں ہیں، انہیں فوری طور پر آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ سے کارڈ حاصل کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ ہدایات پر عمل نہ کرنے والے طلباء کے خلاف انتظامی کارروائی کی جائے گی۔