ہونڈا کا شیئر دوبارہ خریدنے کا اعلان، کمپنی کے شیئرز میں 16 فیصد تک اضافہ

24 Dec, 2024 | 09:52 AM

ویب ڈیسک: جاپان کی معروف آٹوموبائل کمپنی ہونڈا نے 1.1 ٹریلین ین (7 ارب ڈالر) کے شیئر دوبارہ خریدنے کا اعلان کیا جس کے بعد کمپنی کے شیئرز میں 16 فیصد سے زائد اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔

یہ اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب ہونڈا اور اس کے مشکل حالات کا شکار حریف نسان نے  مشترکہ طور پر برقی گاڑیوں کی ٹیکنالوجی میں چینی کمپنیوں اور ٹیسلا کے ساتھ مقابلہ کرنے کیلئے بات چیت شروع کرنے کا اعلان کیا۔ہونڈا نے کہا کہ وہ اپنے 1.1 ٹریلین ین مالیت کے شیئرز دوبارہ خریدے   گی، جو اس کی جاری کردہ کل شیئرز کا 23.7 فیصد بنتا ہے تاکہ اپنے سرمایے کے ڈھانچے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

ہونڈا کے سی ای او توشیہرو میبے نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس رقم کے باوجود ہم ایکویٹی تناسب میں ابھی بھی کچھ ایڈجسٹمنٹ کے محتاج ہیں لیکن ہم سب سے بڑے شیئر خریدنےکا آغاز کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری مالی حالت اب بھی کافی مضبوط ہے، حالانکہ ہم نے اس حد تک جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ ہونڈا اور نسان کا یہ تعاون دنیا کی تیسری سب سے بڑی آٹوموبائل کمپنی بنانے کے لیے اہم قدم ہوگا، جس سے برقی گاڑیوں اور خودکار ڈرائیونگ ٹیکنالوجی کی ترقی میں مدد ملے گی۔ ہونڈا کے سی ای او نے اس بات کو واضح کیا کہ نسان کے لیے یہ کوئی بیل آؤٹ نہیں ہے، کیونکہ نسان نے حال ہی میں ہزاروں ملازمین کی برطرفیوں کا اعلان کیا تھا اور پہلی سہ ماہی میں اپنے خالص منافع میں 93 فیصد کمی رپورٹ کی تھی۔

آٹوموبائل صنعت میں غیر معیاری صارفین کی خریداری اور شدید مسابقت کی وجہ سے کاروبار کی صورت حال مشکل ہو گئی ہے، خاص طور پر چین میں جہاں BYD جیسے برقی گاڑیوں کے تیار کنندگان کم آلودگی والی گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی مانگ کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔

مزیدخبریں