عرفان ملک: کرسمس کے موقع پر لاہور پولیس نے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات تشکیل دے دیے ہیں تاکہ مسیحی برادری کی عبادت گاہوں اور دیگر مقامات کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس نے کرسمس کے دوران 6 ایس پیز اور 22 ای ڈی پی اوز کو گرجا گھروں کی سکیورٹی کے لیے تعینات کیا ہے۔ اس کے علاوہ 84 ایس ایچ اوز، 309 اپر سبارڈنیٹس اور پانچ ہزار اہلکار سکیورٹی پر مامور ہوں گے۔
گرجا گھروں کی سکیورٹی کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا، جس میں سی سی ٹی وی کیمرے، میٹل ڈٹیکٹرز اور واک تھرو گیٹس شامل ہیں۔ خواتین مسیحی شہریوں اور بچوں کی سکیورٹی کیلئے خصوصی طور پر لیڈیز پولیس کو ڈیوٹی پر مامور کیا جائے گا۔
لاہور میں 622 گرجا گھروں کو مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ اے کیٹیگری میں 59 گرجا گھر، بی کیٹیگری میں 84، سی کیٹیگری میں 378 اور ڈی کیٹیگری میں 101 گرجا گھر شامل ہیں۔ ان عبادت گاہوں میں کرسمس کی عبادت کے پروگرامز منعقد ہوں گے۔
سکیورٹی کی مزید منصوبہ بندی کے تحت، لاہور کے 22 پارکوں اور 4 کرسمس بازاروں کو بھی سکیورٹی فراہم کی جائے گی، جبکہ 31 ناکے اور 55 کراؤڈ کنٹرول پوائنٹس بھی قائم کیے جائیں گے تاکہ کرسمس کے دوران کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹا جا سکے۔
پولیس حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کرسمس کی خوشیوں کے دوران سکیورٹی حکام کے ساتھ تعاون کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔