کومل اسلم: محکمہ موسمیات نے پنجاب سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کی پیشگوئی کر دی۔
باغوں کے شہر لاہور میں سردی کی شدت بڑھنے لگی، شہر میں آج دن بھر سورج اور بادلوں کی آںکھ مچولی جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ آئندہ 24 گھنٹون میں مزید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ دن کے اوقات میں درجہ حرارت 19 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔ شہر کی فضائی آلودگی کی شرح بھی تشویشناک حد تک پہنچ گئی ہے۔ لاہور کی فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 188 کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ اڈا پلاٹ 420 اور یو ایس قونصلیٹ میں فضائی آلودگی کی شرح 328 ریکارڈ کی گئی ہے، جو شہریوں کے لیے تشویش کا باعث ہے۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے.
بالائی علاقوں میں غضب کی ٹھنڈ پڑی، مری ، گلیات، نتھیا گلی،ایوبیہ میں برفباری سے سیاحتی مقام کا قدرتی حسن مزید نکھر گیا۔برفباری سے سیاح لطف اندوز ہوتے رہے، آزاد کشمیر میں بھی شدید سردی پڑی، پونچھ میں بنجوسہ جھیل جم گئی، بالائی وادی نیلم میں پارہ منفی 19 تک گر گیا، گلگت بلتستان میں سردی کا 10 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، اوسط درجہ حرارت منفی 8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔لہہ منفی 9، سکردو منفی 8، گوپس میں پارا منفی 7 تک گر گیا، استور، گلگت اور کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 05 ریکارڈ، بگروٹ، کالام اور قلات میں ٹمپریچر منفی 4 سینٹی گریڈ، چترال، دیر، ہنزہ میں پارا منفی 3 ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے تاہم گلگت بلتستان، کشمیر میں صبح کے اوقات میں مطلع جزوی ابر آلو رہنے کے علاوہ بعض مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفبا ری ہو سکتی ہے۔ پنجاب، بالائی سندھ اور خیبر پختونخوا کے میدانی علا قوں میں دھند چھائے رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد جبکہ مری، گلیات اور گرد و نواح میں موسم شدید سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کے علا وہ رات کے اوقات میں بعض مقامات پر ہلکی بارش اور ہلکی برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، منگلا، جہلم، راولپنڈی، لاہور، شیخوپورہ، ساہیوال، فیصل آباد، اوکاڑہ، ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان، ڈی جی خان اور گرد و نواح میں چند مقامات پر دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ صوابی، مردان، پشاور، نوشہرہ، کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں چند مقامات پر دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم سکھر، شکارپور، کشمور، خیر پور اور گرد و نواح میں دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ بعض مقامات پر ہلکی بارش اور ہلکی برفباری ہونے کی توقع ہے۔