خواجہ سراؤں کیلئے نشست مختص کی جائے، پشاور ہائیکورٹ میں رٹ دائر

24 Dec, 2023 | 02:24 AM

عامر شہزاد:  انتخابات میں ٹرانس جینڈر شہریوں کے لئے بھی خواتین اور غیر مسلموں کی طرح خصوصی نشستیں مختص کرنے کے مطالبے پر ٹرانس جینڈر  سیاسی رہنما صوبیہ خان نے  پشاور ہائیکورٹ میں رٹ دائر کردی۔

 صوبیہ خان قبل ازیں جنرل نشست پر الیکشن لڑنے کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کروا چکی ہیں۔ ہفتہ کے روز پشاور ہائی کورٹ میں دائیر کی گئی اپنی رٹ درخواست میں انہوں نے قومی اور صوبائی اسمنبلیوں میں ٹرانس جینڈر شہریوں کے لئےنشستیں مختص کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔  صوبیہ خان نے یہ درخواست بتول رفافت ایڈووکیٹ کی توسط سے دائر کی ہے۔۔

 عدالت میں دائر کی گئی درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ ٹرانس جینڈر شہریوں کو ووٹ کا حق ہے تو الیکشن لڑنے کا کیوں نہیں، اسمبلی میں خواجہ سراؤں کی نمائندگی ضروری ہے، اقلیتوں اور خواتین کیلئے مخصوص نشستیں ہیں،ٹرانس جینڈر شہریوں کی بھی اسمبلیوں میں نمائندگی یقینی بنانےکے لئےنشستیں مختص کی جائیں۔

 درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ صوبیہ خان کے کاغذات نامزدگی کو بھی خواجہ سرا کی مخصوص نشست کیلئے تصور کیا جائے۔ چیف الیکشن کمشنر، صوبائی الیکشن کمیشن، آر او پی کے 81 اور حکومت خیبر پختونخوا  کو اس درخواست میں فریق بنایا گیا ہے۔

صوبیہ خان نے پی کے 81 کیلئے آزاد امیدوار کی حیثیت سے کاغذات جمع کرائے ہیں۔ وہ الیکشن 2024 کے لئے میدان مین اترنے والی پہلی گریجویٹ ٹرانس جینڈر شہری ہیں۔

مزیدخبریں