پی آئی اے کے بیڑے میں ایک اور جدید مسافر طیارہ شامل

24 Dec, 2022 | 09:49 AM

(مانیٹرنگ ڈیسک) پی آئی اے کے بیڑے میں ایک اور جدید مسافر طیارہ شامل کر لیا گیا،  مزید ایک ایئر بس 320 طیارے کی شمولیت سے رواں سال کے دوران قومی ائیرلائن میں شامل ہونے والے نئے طیاروں کی تعداد 4 ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کے ترجمان عبداللہ حفیظ خان کی طرف سے جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق رواں سال پی آئی اے نے 4 عدد اے 320 طیارے حاصل کئے اور اس سلسلے کا چوتھا طیارہ بھی ابوظہبی سے اسلام آباد پہنچ گیا۔

ترجمان نے کہا کہ بہتر كیبن کا حامل جدید ساختہ طیارہ پی آئی اے کے بیڑے میں شامل ہو کر مسافروں کو بہتر سفر ی سہولیات فراہم کرے گا,  اس جہاز کی شمولیت سے پی آئی اے کے بیڑے میں اے 320 ساختہ طیاروں کی کل تعداد 14 ہو گئی ہے جبکہ جنوری تک عرصہ دراز سے گرائونڈ کئے گئے 2 بوئنگ 777 طیارے پی آئی اے کے فلیٹ میں پھر شامل کر دیئے جائیں گے، اہم روٹس کیلئے مزید اچھے جہازوں کا حصول یقینی بنایا جائےگا ۔

وفاقی وزیر ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے ایک اور نئی ایئر بس اے 320 کی پی آئی اے کے بیڑے میں شمولیت پر مینجمنٹ کو مبارکباد دی ہے ۔

یاد رہے کہ پی آئی اے نے گزشتہ برس طیاروں کے حصول کا ٹینڈر کیا تھا، پہلا جہاز 29 اپریل، دوسرا 14 جولائی اور تیسرا طیارہ 24 ستمبر کو پاکستان آیا، جبکہ اب چوتھا طیارہ بھی پاکستان پہنچ گیا۔

واضح رہے کہ رواں مالی سال کے آغاز سے قبل حکومت کی جانب سے جاری کردہ اقتصادی سروے کے مطابق گزشتہ دور حکومت میں فضائی نقل و حمل کے شعبوں کی بہتری کے لئے اقدامات اٹھائے گئے اس مقصد کے لئے حکومت نے وزارت ایوی ایشن کے ذریعے پی آئی اے کی بہتری کے لئے اقدامات اٹھائےجبکہ مئی کے ماہ میں خواجہ سعد رفیق نے بھی پیش کی گئی ایک رپورٹ میں تحریک انصاف کے دور حکومت میں پی آئی اے کے نقصانات میں کمی آنے کا اعتراف کیا۔

مزیدخبریں