ویب ڈیسک :شہزادی ڈیانا کے چھوٹے بیٹے شہزادہ ہیری نے اپنی فیملی کی تصویر پر مشتمل کرسمس کے لفظ کے بغیر ہالی ڈے کارڈ جاری کردیا، بیٹی للی بٹ بھی گروپ فوٹو میں شامل ہے۔
ہالی ڈے کارڈ میں سب سے اہم تصویر چھ ماہ کی للی بٹ کی ہے اس سے پہلے ان کی کوئی تصویر جاری نہیں کی گئی ۔ تصویر میں شہزادہ ہیری کا دو سالہ بیٹا آرچی بھی ان کے ساتھ بیٹھا ہے جسکے بالوں کا سرخ رنگ ہوبہو باپ جیسا ہے ۔ للی بٹ اپنی ماں اور شہزادہ ہیری کے اہلیہ میگھن مرکل کی باہوں میں ہے جبکہ شہزادہ ہیری ماں بیٹی کی طرف دیکھ کر مسکرا رہے ہیں۔
تصویر فوٹو گرافر الیکسی لوبومرسکی نے اتاری ہے جو اس سے پہلے ہیری اور میگھن کی منگنی اور شادی کی تصاویر اتار چکے ہیں۔
کرسمس کا لفظ استعمال کئے بغیر ہالی ڈے کارڈ پر درج پیغام میں کہا گیا ہے کہ'' اس سال ہم اپنی بیٹی للی بٹ کا اس دنیا میں خیر مقدم کرتے ہیں آرچی نے ہمیں ماما او ر پاپا بنایا جبکہ للی نے ہمیں فیملی بنا دیا۔ ہم 2022 کا خیر مقدم کرتے ہیں ہم نےروبی کارن سمیت بہت ساری تنظیموں کو عطیات دئیے جو افغانستان سے امریکا تک ایسے خاندانوں کو تحفظ اور عزت دے رہی ہیں جو اپنوں سے بچھڑ گئے اور جنہیں بامعاوضہ والدین رخصت کی ضرورت ہے''۔