نادرا کا انوکھا کارنامہ، مرد کو خاتون بنادیا

24 Dec, 2021 | 02:19 PM

Arslan Sheikh

ملک اشرف: لاہور ہائیکورٹ میں مرد شہری کے شناختی کارڈ  پر خاتون کے نام کے اندراج کے خلاف  درخواست پر سماعت، عدالت نے وزارت داخلہ اور چیئرمین نادرا کو نوٹس جاری کر دیئے۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے عمیر بشیر کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواستگزار نے موقف اختیار کیا کہ 2014ء میں ب فارم پر 13 ہندسوں کا خاتون کیٹیگری کا شناختی کارڈ نمبر دیا گیا۔ 2020ء میں شناختی کارڈ کے ذریعے نیشنل ٹیکس نمبر کیلئے اپلائی کرنے پر پروفائل میں جنس خاتون ظاہر ہوئی۔ بینک میں اکاؤنٹ کھلوانے پر بھی نادرا ریکارڈ کے مطابق مرد کو خاتون کا شناخت نمبر لگانے کی تصدیق ہوئی۔

نادرا کے شناختی کارڈ نمبر کا آخری طاق اور جفت ہندسہ خاتون اور مرد کی نشاندہی کرتا ہے، شناختی کارڈ کا آخری ہندسہ طاق رکھنے پر مرد کی نشاندہی کرتا ہے۔ قومی شناختی کارڈ نمبر کا آخری ہندسہ جفت رکھ کر خاتون کی نشاندہی کی جاتی ہے۔ شناختی کارڈ کا آخری ہندسہ صفر مقرر ہونا بھی جفت اعداد میں شمار ہوتا ہے۔ 

مزید استدعا کی گئی نادرا حکام نے خاتون والا شناختی کارڈ نمبر درست کرنے سے صاف انکار کر دیا، چیئرمین نادرا کو مرد درخواستگزار کی جنس سے متعلق شناختی کارڈ نمبر الاٹ کرنے کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے وزارت داخلہ اور چیئرمین نادرا کو نوٹس جاری کر دیئے۔

مزیدخبریں