لاہور میں ہولناک ٹریفک حادثات، 2 افراد جاں بحق، 4 زخمی

24 Dec, 2020 | 05:01 PM

Sughra Afzal
Read more!

(سٹی 42) لاہور میں چوری و ڈکیتی کی وارداتوں کیساتھ  ٹریفک حادثات کی شرح میں بھی اضافہ ہورہا ہے ،  اب تک کئی افراد  ٹریفک حادثات کا شکار ہوکر اپنی قیمتی جانیں گنوابیٹھے ہیں اور بہت سے عارضی یا مستقل معذوری کا شکار ہوگئے ہیں، ایک اندازے کے مطابق دنیا بھر میں ٹریفک حادثات کی وجہ سے سالانہ دس لاکھ افراد جاں بحق اور 50 لاکھ شدید زخمی ہوجاتے ہیں۔

ٹریفک حادثات کی  سب سے بڑی وجہ  تیزی رفتاری اور غیر محتاط ڈرائیونگ ہے، افسوسناک امر یہ ہے کہ پاکستان میں روڈ اینڈ سیفٹی ایکٹ موجود ہونے کے باوجود اس کا اطلاق نہیں کیا جاتا۔صوبائی دارالحکومت میں آج بھی دو افسوسناک ٹریفک حادثات پیش آئے ہیں،جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے، لاہور میں ایک ٹریفک حادثہ مسلم ٹاؤن فلائی اوور کے قریب پیش آیا جہاں کار سوار نے تیز رفتاری کے باعث گاڑی اوبر موٹرسائیکل پر چڑھا دی، حادثے میں 22سالہ اوبر ڈرائیور موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ سواری کو معمولی چوٹ آئی، حادثے کے بعد کار سوار موقع سے فرار ہوگیا،پولیس اور ریسکیو ٹیم کے عملے نے ابتدائی کارروائی کے بعد مرنے والے کے اہل خانہ کو اطلاع کی اور نعش ان کے حوالے کر دی۔

دوسرا ٹریفک حادثہ باغبانپورہ کے علاقے میں آخری منٹ سٹاپ کے پاس پیش آیا جہاں گھاس والی ٹرالی الٹنے سے ایک شخص جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے،  زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا،پولیس نے ٹرالی ڈرائیور کو حراست میں لے کر متوفی کی نعش کو مردہ خانے منتقل کردیا ۔

مزیدخبریں