نیو ائیر نائٹ سے پہلے ہی ون ویلرز اور ہلڑ بازوں کیخلاف شکنجہ تیار

24 Dec, 2020 | 02:53 PM

Sughra Afzal

(طاہر حمید) نیو ائیر نائٹ سے پہلے ہی ون ویلرز اور ہلڑ بازوں کے خلاف شکنجہ تیار، سی ٹی او  کی ہدایت پر ٹریفک پولیس نے تیاریاں پکڑ لیں، ون ویلر کی نشاندہی پر موٹر مکینک بھی جیل کی ہوا کھائے گا۔

چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن (ر) سید حماد عابد کی ہدایت پر ٹریفک پولیس نے نیو ایئر نائٹ پر ون ویلنگ اور ہلڑ بازی روکنے کیلئے تیاریاں کرلی ہیں، ون ویلنگ اور تیز رفتاری کے خاتمے کیلئے کینال روڈ، مال روڈ، جیل روڈ، مین بلیوارڈ گلبرگ سمیت اہم شاہراہوں پر نفری بڑھائی جائے گی۔

 سی ٹی او سید حماد عابد کا کہنا ہے کہ نئے سال کی خوشی کے نام پر موت کے کھیل کی اجازت نہیں ہو گی، بفل نکالنے، بغیر سائلنسر موٹرسائیکل اور رکشوں کو بند کردیا جائے گا جبکہ بغیر نمبر پلیٹ، اپلائیڈ فار گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی کم عمر ڈرائیور کو گاڑی، موٹرسائیکل، رکشہ چلانے کی اجازت نہیں، قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہےکہ سال 2020 ختم ہونے میں چند روز باقی رہ گئےہیں، بعض لوگوں کے لیے سال  2020 تباہی و بربادی کا سال رہا جس میں عالمی وبا کے دوران لاکھوں اموات ہوئیں، آئندہ جمعتہ المبارک سے سال 2021 کا آغاز ہوگا ،  نئےسال کی آمد پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں تقریبات اور آتش بازی کا مظاہرہ کیا جاتا ہے،  لاہور میں رات 12بجتے ہی سال نو کے موقع پرمنچلے موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں میں ٹولیوں کی شکل میں ہلڑ بازی کرتے ہوئے سڑکوں، بازاروں اور اہم شاہراہوں پر نکل آتےہیں۔

مزیدخبریں