پنجاب میں گیس بحران شدت اختیار کرنے لگا

24 Dec, 2020 | 09:22 AM

Sughra Afzal

کشمیر روڈ (شاہد سپرا) شہر سمیت پنجاب بھر میں گیس بحران شدت اختیار کرنے لگا،سوئی ناردرن گیس کمپنی نے سی این جی اسٹیشنز کو پانچ روز کے بعد گیس کی فراہمی بحال کر دی۔

موسم میں تبدیلی کی وجہ سے گیس کی طلب میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے جس کی وجہ سے گیس کی کمی کو پورا کرنا وفاقی حکومت اور سوئی ناردرن گیس کمپنی کیلئے کڑا امتحان ثابت ہو رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق سوئی ناردرن گیس کمپنی نے ہفتہ کے روز سی این جی سیکٹر کو گیس کی فراہمی معطل کی تھی اور سی این جی اسٹیشنز مالکان کو اس بات کی یقین دہانی کروائی تھی کہ بدھ کے روز گیس بحال کی جائیگی  تاہم سسٹم میں بہتری نہ ہونے کی وجہ سے بندش میں مزید توسیع کی گئی تھی، جس کے بعد  آج جمعرات کو سی این جی اسٹیشنز کو گیس بحال کر دی گئی۔

علاوہ ازیں شہر کے مختلف علاقوں سے گیس پریشر کم ہونے کی شکایات سامنے آنے لگی ہیں، گلبرگ، ٹاؤن شپ، گرین ٹاون اور ملحقہ علاقوں میں گیس پریشر کم ہونے ہونے کی وجہ سے شہریوں کو کھانا پکانے میں دشواری کا سامنا ہے، ہربنس پورہ، مناواں، ہڈیارہ، نسبت روڈ، مزنگ اور گڑھی شاہو کے علاقوں میں بھی گیس قلت کا سامنا ہے۔

 سوئی ناردرن حکام کے مطابق لاہور ریجن کی ڈیمانڈ 250 ملین تک پہنچ گئی۔ گھریلو صارفین کو ترجیحی بنیادوں پر گیس دی جا رہی ہے، شکایات کے ازالہ کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

مزیدخبریں