( حسن علی ) ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کے حوالے سے اپٹما ہاؤس میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا، ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریونیو عاصم نصیر نے اپٹما ممبران کو ٹیکس گوشوارے جمع کروانے اور ان میں درپیش مسائل کے حوالے سے بریفنگ دی۔
اپٹما ہاؤس میں منعقدہ سیمینار میں ایف بی آر کے ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریونیو عاصم نصیر، سیکرٹری جنرل اپٹما رضا باقر، محمد ارشاد، محمد شکیل، محمد نواز، زین العابدین، شکیل احمد، کامران رسول اور فرحان احمد سمیت مختلف ٹیکسٹائل ملز کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریونیو ایف بی آر کی جانب سے اپٹما کے ممبران کو ٹیکس گوشوارے جمع کروانے میں درپیش مسائل کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
عاصم نصیر کا کہنا تھا کہ دھاگے اور ٹیکسٹائل کی دیگر مصنوعات فروخت کرنے سے قبل ٹیکسٹائل ملز کا عملہ خریدنے والوں کے ٹیکس فائلر ہونے کا خیال رکھیں تاکہ انہیں کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انکا کہنا تھا کہ نان فائلرز کے خلاف اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں تاکہ ٹیکس نیٹ کو بڑھایا جا سکے اور ملکی معیشت کو بہتر کیا جا سکے۔ عاصم نصیر کا کہنا تھا کہ ٹیکس ادا کرنا ملک کے لئے ضروری ہے۔