( یاور زوالفقار) پنجاب ریونیو اتھارٹی کو فیشن ڈیزائنرزکو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے میں ناکامی کا سامنا، پنجاب ریونیو اتھارٹی گزشتہ 5 سال کے دوران صرف 74 فیشن ڈیزائنرزکو رجسٹرڈ کرسکی۔
پنجاب ریونیواتھارٹی ذرائع کے مطابق فیشن ڈیزائنرز پر 16فیصد کے حساب سے یکم جولائی 2013 کوسیلز ٹیکس عائد ہوا تھا، ریونیو اتھارٹی گزشتہ پانچ سال کے دوران فیشن ڈیزائنرز سے ٹیکس وصولی کیلئے موثر اقدامات نہیں کرسکی۔ شہر کےاہم کاروباری مراکز کے ساتھ ساتھ رہائشی اور انڈسٹریل علاقوں میں سینکڑوں فیشن ڈیزائنرز پی آر اے میں رجسٹریشن کے بغیرکاروبار کررہے ہیں.
پنجاب ریونیو اتھارٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ سال فیشن ڈیزائنرز سے 3 کروڑ 10لاکھ روپے سیلز ٹیکس کی مد میں جمع ہوئے تھے، جبکہ رواں مالی سال کے پانچ ماہ کے دوران صرف32 لاکھ روپے سیلز ٹیکس جمع ہوا ہے۔ فیشن برینڈز، لوگواستعمال کرنے والے ڈیزائنرز، ٹیکسٹائل، لیدر مصنوعات اورجیولری ڈیزائن کرنے والے پی آراے میں رجسٹریشن کرانے کے پابند ہیں۔