روزینہ علی : پنجاب اور سندھ میں ہونے والی بارشوں کے حوالے سے این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا ۔
این ڈی ایم اے کے مطابق 26 تا 29 اگست کے دوران پنجاب اور سندھ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، سندھ کے کچھ علاقوں میں مختصر دورانیے میں موسلادھار بارش ہوسکتی ہے، جبکہ پنجاب کے بیشتر علاقوں بشمول پوٹھوہار ریجن، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور میں 26 سے 29 اگست تک وقفے وقفے سے بارشوں کا امکان ہے ، اس کے علاوہ شیخوپورہ، قصور، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد اور ملتان میں 26 سے 29 اگست تک وقفے وقفے سے بارشوں کا امکان ہے ۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ موسلا دھار بارشوں سے صوبہ پنجاب میں ڈی جی خان راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ، قصور، کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں سیلاب آسکتا ہے۔ اس کے علاوہ سندھ اور مکران کے ساحلی علاقوں کے علاوہ دادو، حیدرآباد، بدین اور شہداد پور کے اضلاع میں نشیبی علاقوں میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے ۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کردی گئیں، جن کے مطابق ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں، ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کو الرٹ کریں ، کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال پر فوری رسپانس کو یقینی بنائیں۔ عوام سیلابی صورتحال سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اپنائیں۔
این ڈی ایم اے نے وسائل کی دستیابی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کردی ۔