ویب ڈیسک : وزیر اعلیٰ مریم نواز پولیس شہدا کا غم بانٹنے پہنچ گئیں ۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ڈی پی او آفس رحیم یار خان میں شہدا کے اہل خانہ سے ملاقات ہوئی ۔ پولیس شہدا میں محمد عمران ،راشد، ساجد،احمد،زاہد،منیر،نذر عباس،انس ستار،عبداللہ شامل ہیں، اس کے علاوہ راہ حق کےلئے جان دینے والوں تین ہندو جوان اجے رام، بیرم رام اور راجہ کنول بھی تھے ۔
مریم نواز نے شہدا کے والدین ، اہل خانہ اور بچوں سے ملاقات کی ، وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پولیس شہدا کے غمزدہ اہل خانہ کو دلاسہ دیا۔ انہوں نے شہدا کے لئے دعا مغفرت کی ۔
مریم نواز باری باری شہدا کے ورثا کے پاس گئیں، شہدا کے ورثا آبدیدہ ہوگئے، مریم نواز نے شہید اہل کاروں کی والدہ اور بیوہ کو حوصلہ دیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے روتی ہوئی بیوہ خاتون کو گلے لگا لیا ، ساتھ ہی شہید اہلکار کے کمسن بچوں سے پیار کیا ۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ کوتاہی ہوئی،غلطی کا ازالہ کریںگے آئندہ ایسا واقعہ نہیں ہوگا۔ ہر شہید قوم کا ہیرو ہے، سوگوار خاندان بھرپور کفالت کی جائے گی۔ شہدا کے بچوں کو مفت تعلیم ، گھر اور نوکری بھی دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکووں کے حملے میں پولیس اہلکار وں کی شہادت کا غم بیان کرنے کے لئے الفاظ نہیں ۔ محمد نواز شریف صاحب نے اطلاع ملتے ہی مجھے فورآ سوگوار خاندانوں کے پاس جانے کو کہا۔ ہرجان قیمتی ہے, پولیس ا ہلکاروں کی حفاظت بھی یقینی بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کچہ کے مسئلہ کا مستقل حل ڈھونڈنا ہوگا، چیک پوسٹوں کی تعمیر جلد مکمل کی جائے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز کو ڈی پی او آفس کمیٹی روم میں تفصیلی بریفنگ دی گئی، انہیں کچہ میں ہونے والے سانحہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا ۔
چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، معاون خصوصی راشد نصر اللہ ، ہوم سیکرٹری نور الامین مینگل، آئی جی پولیس ڈاکٹر عثمان انور، ایڈیشنل آئی جیز،پولیس اور انتظامی حکام بھی ہمراہ تھے۔