ویب ڈیسک : وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی پارٹی خود انتشار کا شکار ہے، انتشار کی سیاست کی بنیاد بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے رکھی ۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انتشار ملک کو نقصان پہنچانے کی سیاست کر رہی ہے، تحریک انتشار نے ملک کے اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کیا، ملکی مفاد کو نقصان پہنچانے سے کبھی گریز نہیں کیا، انتشار کی سیاست کی بنیاد بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے رکھی ، انہوں نے معاشرے کو تقسیم کیا، ایک دوسرے سے لوگوں کو لڑایا ۔ تحریک انصاف کی پارٹی خود انتشار کا شکار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نفرت کی سیاست کا انجام اچھا نہیں ہوتا۔ علیمہ خان نے رؤف حسن سے کہا کہ بشریٰ بی بی جھوٹی خبریں پھیلا رہی ہیں، بشریٰ بی بی ہمدردی کے لئے جھوٹا اور ہمدردی کا بیانیہ پھیلا رہی ہیں ۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ تحریک انتشار میں مختلف گروپس بن گئے ہیں، تحریک انتشار میں کئی ڈس انفارمیشن سیل چل رہے ہیں، ایک ڈس انفارمیشن سیل رؤف حسن علیمہ خان کے ساتھ مل کر چلا رہے تھے، دوسرا سیل بشریٰ بی بی چلا رہی تھیں۔ انہوں نے لوگوں کو تقسیم کیا آج ان کی اپنی پارٹی تقسیم اور انتشار کا شکار ہے ۔ علیمہ گروپ اور بشریٰ گروپ پارٹی پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں ۔ بشریٰ بی بی جو جھوٹا بیانیہ بنا رہی ہیں اس میں کوئی حقیقت نہیں۔ نفرت تقسیم کی سیاست کرنے والوں کی اپنی پارٹی انتشار کا شکار ہے۔ سیاسی مفادات کے لئے ملک کو نقصان پہنچانے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔