ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب دفعہ 144 کے نفاذ کیخلاف درخواست کی سماعت کاعبوری تحریری فیصلہ جاری کر دیا اور دفعہ 144 کے نفاذ کے بعد درج مقدمات کاریکارڈ مانگ لیا ہے۔
جسٹس شکیل احمد نے شہری نجی اللہ ملک کی متفرق درخواست پر ایک صفحہ پرمشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔ عدالت نے حکومت پنجاب اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرکے جواب مانگ لیا ہے۔ عدالت نے 22 سے24 اگست تک دفعہ 144 کے نفاذ کے نوٹیفکیشن کیخلاف درخواست کی سماعت 27 اگست کیلئے مقرر کی ہے ، جبکہ اس وقت دفعہ 144 کا نفاذ کا نوٹیفکیشن غیر موثر ہوچکا ہوگا ، درخواست گزار شہری نجی اللہ ملک کے وکیل نے نشاندہی کی کہ پنجاب حکومت نے تحریک انصاف کو جلسہ کرنے سے روکنے کیلئے دفعہ 144 لگائی جبکہ آئین ہر شہری کو پُر امن احتجاج کرنے کی اجازت دیتا ہے۔ وکیل نے بتایا کہ تین دنوں کیلئے لگائی گئی دفعہ 144 کا نفاذ کے سیاسی مقاصد ہیں اور یہ پولیٹیکل انجینئرنگ ہیں۔