عرفان ملک : ایف آئی اے کی جانب سے انسانی سمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے ۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق انسانی سمگلنگ وویزا فراڈ میں ملوث اشتہاری سمیت 3 ایجنٹ گرفتار کرلیے گئے، گرفتار ملزمان میں قیصرعباس، محمدعرفان اور اشتہاری رفیق مسیح شامل ہیں۔ ملزم عرفان نے 14 سے زائد متاثرین سے بیرون ملک کے نام پر پیسے بٹورے ، ملزم نے بیرون ملک دبئی ملازمت کا جھانسہ دیکر 95 لاکھ روپے ہتھیائے ۔ اشتہاری رفیق مسیح شہریوں سے غیر قانونی طور پر پاسپورٹ وصول کر رہا تھا، ملزم سال 2023 سے ایف آئی اے کو مطلوب تھا، چھاپے کے دوران ملزم سے 6 پاسپورٹس، ویزا ایگریمنٹس برآمد ہوا، برآمد کئے گئے پاسپورٹ پر کینیڈا کا جعلی ویزا لگا ہوا تھا، ملزم کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا۔ اس کے علاوہ ملزم قیصر عباس نے شہری کو عمان بھجوانے کیلئےلاکھوں روپےہتھیائے ، ملزم نے شہری سے مجموعی طور پر 3 لاکھ 60 ہزار روپے بٹورے ۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان پیسے وصول کرنے کے بعد روپوش ہو گئے تھے ، ملزمان کو لاہور کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا ۔ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ۔