(ویب ڈیسک)وفاقی وزیر برائے توانائی خرم دستگیرنے کہا کے الیکٹرک سے دو دو ہاتھ کریں گے،ماہانہ 200 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین پرفیول ایڈجسٹمنٹ چارجز ختم کردیے۔
تفصیلات کےمطابق وفاقی وزیر برائے توانائی خرم دستگیر نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے کہا کہ اوور بلنگ،دیگر معاملات پر کراچی کی بجلی کمپنی سے نمٹیں گے، کے الیکٹرک کی نجکاری کے مطلوبہ نتائج نہیں ملے،سندھ میں سیلاب سے بجلی کا پیداواری اور ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہوا. ماہانہ 200 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین پرفیول ایڈجسٹمنٹ چارجز ختم کردیے۔
مجموعی طور پر ایک کروڑ 70 لاکھ صارفین کیلئے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز ختم کیے گئے ہیں، ایف اے سی کی مد میں 22 ارب روپے کا ریلیف صارفین کو دیا ہے۔تاجروں پر فکسڈ ٹیکس بھی ختم کردیا گیا ہے، اب پرانے طریقہ کار پر ہی ٹیکس وصول کیا جائے گا۔تھر کول کے منصوبوں کو جلد مکمل کیا جارہا ہے، تھرکول میں شنگھائی الیکٹرک کا بجلی بنانے کا منصوبہ جلد مکمل ہوگا،2018 سے سولر انرجی کے سیکٹر پر کوئی پیشرفت نہیں ہوئی، جون کےمہینوں میں پرائس سر چارج عذابِ عمرانی کا نتیجہ ہے۔
بجلی کی فراہمی اور سستی بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے، تھرکول میں شنگھائی کمپنی کا 1320 میگاواٹ کےمنصوبےکا کل دورہ کروں گا، صارفین کو سستی بجلی کی فراہمی چیلنج ہے، کل تھر میں 1320میگاواٹ کا شنگھائی الیکٹرک کا منصوبہ شروع کریں گے، نئے بجلی کے کارخانے پاکستان میں دستیاب ایندھن کی بنیاد پر لگیں گے، نیوکلر، سولر، تھر کول سمیت دیگرذرائع استعمال کریں گے۔