(جنید ریاض)سکولوں کے نان سیلری بجٹ پر ٹیکس بڑھا دیا گیا،فائلر سے 32 اور نان فائلر سے 44 فیصد ٹیکس وصول ہوگا، سکولوں کے بجٹ پر ٹیکس بڑھانے پر سربراہان پریشان، حکومت سے ٹیکسز میں چھوٹ دینے کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سکولوں کےنان سیلری بجٹ پر ٹیکس بڑھا دیا گیا۔سکولوں کے بجٹ پر ٹیکس بڑھانے پر سربراہان پریشان ہیں۔ نان فائلر پر سیلز ٹیکس ساڑھے انیس فیصد ، سروس ٹیکس سترہ فیصد اور انکم ٹیکس تقریبا آٹھ فیصد کٹوتی ہوگی۔فائلر پر سیلز ٹیکس سولہ فیصد ، سروس ٹیکس دس فیصد اور انکم ٹیکس تقریباً ساڑھے چار فیصد کٹوتی ہوگی۔
سربراہان کا کہنا ہےکہ سکولوں کو پہلے ہی نان سیلری بجٹ کی مد میں انتہائی قلیل فنڈز ملتے ہیں، ٹیکسز کی مد میں فائلر سے 32 فیصد اور نان فائلر سے 44 فیصد ٹیکس وصول ہوگا ،جس سے ان کو اداروں کے انتظامی معاملات چلانے میں مشکلات پیش آئیں گی۔
سکول سربراہان کا کہنا ہے کہ ابھی تک سکولوں کو گزشتہ تعلیمی سال کا نان سیلری بجٹ بھی جاری نہیں کیا جاسکا۔محکمہ سکول ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ سکولوں کو نان سیلری بجٹ کی مد میں بقایاجات رواں ماہ میں ادا کردیئے جائیں گے، بجٹ میں کٹوتی قواعد وضوابط کےمطابق حکومت وصول کرتی ہے۔