فہد علی : رائیونڈ کے علاقے میں بہنوئی کا دو بچوں کی ماں پر بہیمانہ تشدد، تشدد کے باعث متاثرہ خاتون نویدہ بی بی شدید زخمی ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق رائیونڈ کے علاقے میں بہنوئی نے دو بچوں کی ماں پر تشدد کیا۔ متاثرہ خاتون نویدہ بی بی کا کہنا تھا کہ بہنوئی شرافت شادی کرنا چاہتا تھا ، انکار کرنے پر ملزم نے گھر میں گھس کر تشدد کیا۔
ملزم بہنوئی شرافت خاوند اور بچوں کو جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیتا ہے۔ رائیونڈ تھانے میں درخواست جمع کروانے کے باوجود پولیس کارروائی نہیں کر رہی، متاثرہ خاتون نے مطالبہ کیا ہے کہ بہنوئی شرافت کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور انصاف فراہم کیا جائے۔
دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب بھر میں خواتین کے ساتھ زیادتی، قتل و غارت، شادی اور بدسلوکی جیسے بڑھتے ہوئے واقعات کی وجہ سے پنجاب وومن ہیلپ لائن 1043 پر شکایات کے انبار لگ گئے ہیں۔ یکم جنوری تا 23 اگست خواتین کی جانب سے 14 ہزار 226 شکایات کا اندراج کروایا گیا۔خواتین کی جانب سے گھریلو جھگڑے، جرائم، زیادتی، قتل، اغوا، پراپرٹیز سمیت مختلف شکایات کا اندراج کروایا گیا،پنجاب وومن ہیلپ لائن پر درج کروائی جانیوالی شکایات میں سے سات ہزار 63 خواتین کو مکمل رہنمائی اور انفارمیشن فراہم کی گئی جبکہ 4 ہزار 534 شکایات پر خواتین کو لیگل ایڈوائزز فراہم کی گئیں۔
سی پی او ، ڈی پی او ، ڈی سیز سمیت متعلقہ حکام سے متعلق ایک ہزار 121 شکایات پر متعلقہ حکام سے رابطہ کر کے شکایات کو حل کروایا گیا،نوسرباز پنجاب وومن ہیلپ لائنپر بھی باز نہ آئے۔ درج کروائی جانے والی ایک ہزار 508 شکایات بوگس اور جعلی نکلی،ہیلپ لائن پر خواتین کے سنگین نوعیت کے معاملات کی 612 شکایات کو حل کرنے کے لیے اعلی افسروں سے رابطے کیے گئے اور خطوط لکھے گئے۔