کورونا کے پھیلاؤ میں تیزی، این سی او سی نے نئی پابندیوں کا اعلان کردیا

24 Aug, 2021 | 01:30 PM

Sughra Afzal

 (مانیٹرنگ ڈیسک) این سی او سی نے ملک میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث نئی پابندیوں کا اعلان کردیا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل کے ہمراہ پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ 30 ستمبر کے بعد سکول اور ٹرانسپورٹیشن میں مکمل ویکسی نیشن کے بغیر کام نہیں کیا جاسکے گا جبکہ مکمل ویکسی نیشن نہ کرانے والے افراد فضائی سفر بھی نہیں کرسکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ 30 ستمبر کے بعد سے مکمل ویکسی نیشن کے بغیر نہ کوئی ملک میں آسکے گا اور نہ جاسکے گا، شاپنگ مالز، ہوٹلز اور گیسٹ ہاؤسز میں بھی یہ پابندیاں لاگو ہوںگی، شادی کی تقریبات میں بھی 30 ستمبر کے بعد بغیر مکمل ویکسی نیشن شرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔

اسد عمر نے کہا کہ 17 سال اور اس سے زیادہ عمر کے طلبا کے لیے 15 ستمبر تک ویکسین کی کم سے کم ایک ڈوز لگانا لازمی ہے، بصورت دیگر وہ بھی تعلیمی اداروں میں نہیں جاسکیں گے لہٰذا والدین اپنے بچوں کی ویکسی نیشن ضرور کرائیں کیونکہ 15 اکتوبر کے بعد مکمل ویکسی نیشن کے بغیر تعلیمی اداروں میں داخلہ بند ہوگا۔

اسد عمر نے مزید کہا کہ ریل، بس اور میٹروز سمیت دیگر پبلک ٹرانسپورٹ میں 15 ستمبر تک ویکسین کی ایک ڈوز لازمی ہے جبکہ 15 اکتوبر تک دونوں ڈوز نہیں لگوائی گئیں تو ٹرانسپورٹ کا عملہ اور شہری بھی سفر نہیں کرسکیں گے، موٹرویز اور ہائی ویز پر بھی 15 ستمبر سے پہلی ڈوز اور 15 اکتوبر کے بعد دونوں ڈوز کی پابندی ہوگی۔

پاکستان میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر زور پکڑنے لگی،ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار 75 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 91 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 2 ہزار 857 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 6 اعشاریہ 79 فیصد ہو گئی۔

مزیدخبریں