جوہر ٹاؤن(درنایاب/ قیصر کھوکھر) ایل ڈی اے نے لاہور کی اہم شاہراہوں کی تعمیر و بحالی کے منصوبے پر کام شروع کردیا، برکی روڈ کو دو رویہ کرنے جبکہ بابو صابو انٹرچینج کے اطراف شاہراہوں کی بحالی کیلئے کنٹریکٹرز کی پری کوالیفکیشن کا آغاز کردیا۔
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) نے لاہور کی اہم شاہراہوں کی تعمیر و بحالی کیلئے فرموں کی پری کوالیفکیشن شروع کردی، بابو صابو انٹرچینج کے اطراف ٹریفک بحالی اور شاہراہوں کی تعمیروبحالی کیلئے دو ستمبر تک درخواستیں طلب کی گئی ہیں، ایل ایس سی سے بی آر بی تک برکی روڈ کو دورویہ کرنے کے منصوبے کیلئے 3 ستمبر تک پری کوالیفکیشن کی درخواستیں طلب کی گئیں۔
نیو اسلامیہ پارک، رائل پارک، رانجھا روڈ، فیصل روڈ، حمایت اسلامیہ روڈ کی تعمیر و بحالی ہوگی، مین روڈ ڈھولنوال، محبوب پارک، قاضی روڈ، شاہ فرید، چوبرجی روڈ کیلئے چار ستمبر تک درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں، ایل ڈی اے نے مطلوبہ تجربہ کی حامل کیٹیگری والی فرموں سے درخواستیں مانگی ہیں۔
علاو ہ ازیں پارکوں کی بہتر دیکھ بھال کیلئے پی ایچ اے نے ایک ارب مانگ لئے، محکمہ خزانہ نے پی ایچ اے کو50 کروڑ دینے کی حامی بھر لی۔
ذرائع کے مطابق محکمہ خزانہ نے پی ایچ اے کو 50 کروڑ دینے کی کلیئرنس دیدی ہے، محکمہ خزانہ نے یہ سمری منظوری کیلئے کابینہ کمیٹی کو ارسال کر دی ہے، کابینہ کمیٹی کی منظوری کے بعد 50 کروڑ روپے پی ایچ اے کو جاری ہونگے