ماڈل ٹاؤن ( حافظ شہباز علی) قومی کرکٹر عمر اکمل نے کلب کرکٹ میچ کھیلنا شروع کردیئے، پی سی بی کی طرف سے اجازت ملنے کے بعد عمر اکمل پہلی بارکلب کرکٹ کے کسی میچ میں شریک ہوئے۔
ماڈل ٹائون میں عمر اکمل نے کرکٹ سینٹر کلب کی طرف سے غالب سپورٹس کلب کے خلاف میچ کھیلا ،عمر اکمل کلب میچز میں کھیلنے کے ساتھ نوجوانوں کو فکسنگ سے بچنے کی آگاہی مہم کا حصہ بنیں گے اور مختلف سطح پر لیکچرز بھی دیں گے کہ فکنسگ میں ملوث ہونے کے کیا نقصانات ہیں۔
واضح رہے کہ 2020 میں پی ایس ایل شروع ہونے سے پہلے بکیز کے رابطے کے بارے میں پی سی بی کو آگاہ نہ کرنے پر عمر اکمل کومعطل کردیا گیا تھا، کیس کی سماعت مکمل ہونے پر ان پر تین سال پابندی لگائی گئی، اپیل پر اسے ڈیڑھ سال کردیا گیا تھا، کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت سے رجوع کرنے پر پابندی کو 6 ماہ اور ساتھ انہیں ساڑھے 42 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا تھا۔
جرمانے کی مکمل ادائیگی، اعتراف جرم اور معافی کے بعد عمر اکمل کو چار اگست کو کلب کرکٹ کی سرگرمیوں میں شرکت کی اجازت دی تھی،جو ان کے ری ہیب پروگرام کا ایک حصہ ہے۔