( قذافی بٹ ) وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ شہباز شریف صاحب کی شکایت کہ پی ٹی آئی سے دکھوں کے علاوہ کچھ نہیں ملا، جائز ہے۔ یہ سارے دکھ کرپشن، منی لانڈرنگ، جعلی اکاؤنٹس، بددیانتی اور اقربا پروری کے پیدا کردہ ہیں۔
وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی پریس کانفرنس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کی ایک دھیلے کی کرپشن نہ کرنے کی گردان بھی بالکل درست ہے۔ آلِ شریف نے ایک دھیلے کی کرپشن نہیں کی بلکہ قوم کو اربوں ڈالرز کا ٹیکا لگایا ہے۔ اس کرپشن کے ڈھیروں ثبوت جے آئی ٹی، نیب اور احتسابی اداروں کے پاس بدرجہ موجود ہیں۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف ڈرائنگ روم کی سیاست کے بجائے گزشتہ چھ ماہ میں ملک کے دورے کرتے تو زیادہ مناسب ہوتا, چالیس سال تک پنجاب پر حکمرانی کرنے والے کس منہ سے سہولیات کی فراہمی کا رونا رو رہے ہیں۔ اپنے بخار، کمر درد اور کھانسی تک کا علاج باہر سے کروانے والوں نے صحت کے شعبہ کو تباہ کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی کامیابیوں کے خلاف اسی کینہ اور بغض و عناد کے باعث شہباز شریف جگہ جگہ اپنا غصہ نکالتے پھر رہے ہیں۔ 2007 میں چوہدری پرویز الٰہی نے 125 ارب منافع والا صوبہ پنجاب شہباز شریف کے حوالے کیا۔ 10 سال بعد شہباز شریف نے 1250 ارب کا مقروض پنجاب سردار عثمان بزدار کو سونپ دیا۔
فیاض الحسن چوہان کا مزید کہنا تھا کہ تمام صوبائی ادارے تباہ و برباد کرنے کے بعد شہباز شریف کا چھاتی پیٹنا کسی طور قابلِ تحسین نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ساری ن لیگی قیادت "الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے" اور میں نہ مانوں" کا راگ الاپ رہی ہے۔