پب جی نے ایک اور نوجوان کی جان لے لی

24 Aug, 2020 | 05:50 PM

Arslan Sheikh

( سٹی 42 ) آن لائن بیٹل گیم پب جی کھیلنے سے نوجوانوں میں خودکشی کے واقعات میں کمی کی بجائے اضافہ ہورہا ہے جس سے کئی گھروں کے چراغ گل ہوچکے ہیں، ہربنس پورہ کے علاقے میں نوجوان نے گولی مار کر خود کشی کرلی۔

تفصیلات کے مطابق افسوسناک واقعہ ہربنس پورہ کے علاقے میں پیش آیا جہاں احسن نامی نوجوان نے خود کو گولی مار لی۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ پب جی گیم کھیلنے کے بعد احسن کمانڈو بننے کی خواہش کر رہا تھا۔ نوجوان گذشتہ چار روز سے چپ چپ تھا اور رات گئے خودکشی کر لی جبکہ پولیس نے لاش مردہ خانے منتقل کر دی ہے۔

یاد رہے اس سے قبل بھی لاہور میں ایسے واقعات رونما ہوچکے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے پب جی کی روک تھام کیلئے پی ٹی اے سے بھی رابطہ کیا تھا اور پی ٹی اے نے پب جی گیم پر عارضی طور پر پابندی لگادی تھی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد گیم کو بحال کردیا گیا تھا۔ 

ماہر نفسیات کے مطابق گیم میں مشن کومکمل کرنے کی لت میں پلیئر ذہنی تناؤ اور دباؤ کا شکار رہتا ہے، پرتشدد اور جارحانہ رویے منفی خیالات کو متحرک کرتے ہیں، سارا دن گیم پب جی کھیلنا معاشرے سے دوری کا باعث بنتی ہے جبکہ لیٹ نائٹ گیم کھیلنے سے جسمانی صحت بھی متاثر ہوتی ہے۔ 

مزیدخبریں