وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی مشکلات میں مزید اضافہ

24 Aug, 2020 | 04:01 PM

Shazia Bashir

ملک اشرف: وزیراعلی پنجاب پر مبینہ طور پر شراب لائسنس کے اجراء کے لئے  پانچ کروڑ رشوت وصولی کا معاملہ، وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی مشکلات میں مزید اضافہ، وزیراعلی عثمان بزدار کی نا اہلی کے لئے الیکشن کمیشن سے رجوع کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق بریسٹر سعید احمد ظفر نے الیکشن کمیشن لاہور آفس میں درخواست دی، وزیر اعلی کے خلاف آئین کے آرٹیکل باسٹھ تریسٹھ کے تحت درخواست دی گئی، درخواست میں وزیر اعلی کو اہل قرار دینے اور ان کے حلقہ میں دوبارہ انتخاب کی استدعا کی گئی ہے۔  درخواست میں الیکشن کمیشن کے حتمی فیصلے تک وزیراعلی کو کام سے روکنے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عثمان بزدار نے پی پی دو سو چھیاسی سے انتخابات میں حصہ لے کر کامیابی حاصل کی، کامیابی کے بعد عثمان بزدار وزیر اعلی پنجاب بنے اور وزیر اعلیٰ عثمان بزدار پر مبینہ طور پر پانچ کروڑ روپے لے کرمقامی ہوٹل کو شراب لائسنس جاری کروانے کا الزام ہے۔ وزیر اعلی عثمان بزدار کے خلاف نیب تحقیقات جاری ہیں، وزیر اعلی عثمان بزدار شراب لائسنس اجراء کے معاملہ پر بارہ اگست کو نیب آفس پیش ہوئے۔

درخواست گزار کا کہنا ہے کہ نیب تحقیقات کے دوران دو افسران بطور وعدہ معاف گواہ بھی سامنے آچکے ہیں، وزیراعلی عثمان بزدار نے شراب لائسنس کے اجراء بارے غلط بیانی کی،  وزیر اعلی عثمان بزدار صادق اور امین نہیں رہے۔

 درخواست گزارنے استدعا کی ہے کہ وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کو پی پی، 286 سے نا اہل قرار دے کر اس صوبائی حلقہ کی سیٹ کو خالی قرار دے کر حلقہ ہی پی 286 میں دوبارہ انتخاب کروائے جائیں، مزید استدعا کی گئی ہے کہ درخواست کے فیصلے تک الیکشن کمیشن وزیر اعلی عثمان بزدار کو کام سے روکنے کا حکم دے۔

مزیدخبریں