سٹی 42: پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 7 وکٹوں سے ہرادیا، بابر اور حسین طلعت نصف سنچریاں کیں
پی ایس ایل 10 کے 14ویں میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو باآسانی 7 وکٹوں سے ہرادیا۔ زلمی کے کپتان بابر اعظم نے رواں سیزن میں اپنی پہلی نصف سنچری بنا کر ٹیم کی جیت میں مرکزی کردار ادا کیا، حسین طلعت بھی ففٹی بنا کر ناقابلِ شکست رہے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے دیا گیا 130 رنز کا ہدف پشاور زلمی نے 17ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
زلمی کے کپتان بابر اعظم نے 56 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی جبکہ حسین طلعت 51 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ محمد حارث 20، صائم ایوب 2 اور ٹام کوہلر کیڈمور بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین آفریدی نے 2 اور حارث رؤف نے ایک وکٹ لی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ قلندرز کا آغاز اچھا نہ رہا جہاں اسکی آدھی ٹیم پاور پلے میں ہی پویلین لوٹ گئی۔ فخر زمان 10، سیم بلنگز 9، آصف علی 5، ڈیرل مچل 2 اور عبداللّٰہ شفیق بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے وہیں آل راؤنڈر سکندر رضا نے 30 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔
انہوں نے پہلے 16 رنز بنانے والے شاہین آفریدی، پھر 13 رنز بنانے والے رشد حسین، پھر 10 رنز بنانے والے حارث رؤف کے ساتھ مل کر ٹیم کا اسکور 100 کے پار پہنچایا۔ 9ویں وکٹ پر سکندر رضا اور آصف آفریدی کے درمیان 25 رنز کی اہم پارٹنر شپ نے قلندرز کو 129 تک پہنچایا۔