ویب ڈیسک: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سنسنی خیز مقابلے ایک بار پھر لاہور میں رنگ بکھیرنے کو تیار ,لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان ہونے والے میچ سے قبل قذافی اسٹیڈیم اور اس کے اطراف میں صفائی و ستھرائی کے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
سی ای او بابر صاحب دین کے مطابق قذافی اسٹیڈیم کو زیرو ویسٹ زون قرار دیا گیا ہے۔ اسٹیڈیم میں ریپرز یا شاپرز پھینکنے پر 100 روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ پی ایس ایل میچز کے دوران 250 سے زائد ورکرز صفائی کے عمل میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ 8 واشر گاڑیاں بھی اس مشن میں مصروف عمل ہیں۔
قذافی اسٹیڈیم کے تمام انکلیوژرز میں 15 صفائی ورکرز تعینات ہوں گے جبکہ ہر انکلیوژر پر 1 سپروائزر بھی ڈیوٹی پر موجود ہوگا۔
سی ای او کے مطابق 2 واٹر باؤزرز قذافی اسٹیڈیم کے اطراف میں پانی کا مسلسل چھڑکاؤ جاری رکھیں گے تاکہ گرد و غبار کو کم کیا جا سکے اور شائقین کرکٹ کو ایک خوشگوار ماحول میسر آئے۔