امانت گشکوری: سپریم کورٹ نے طلاق کے بعد نکاح نامے میں درج جہیز سمیت دیگر شرائط پوری نہ کرنے سے متعلق کیس میں محمد یوسف کی درخواست خارج کردی،عدالت نے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا ،دس صفحات پر مشتمل فیصلہ جسٹس اطہر من اللہ نے تحریر کیا ۔
عدالت کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ نکاح نامے میں شرائط و ضوابط طے کرنے سے قبل دلہن کی رضامندی لازم ہے، اگر نکاح نامے کی شرائط و ضوابط میں ابہام یا شک ہو تو اس کا فائدہ بیوی کو ملے گا۔ دلہن کی مشاورت کے بغیر نکاح نامے کے کالمز کوئی اور پر کرے تو اسے دلہن کیخلاف استعمال نہیں کیا جاسکتا، یہ طے شدہ قانون ہے کہ معاہدے میں کوئی ابہام ہو تو اسے فریقین کے ارادے سے طے کیا جاتا ہے۔فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ عدالتوں کو مدنظر رکھنا چاہئے کہ کیا نکاح نامے میں شرائط و ضوابط طے کرنے سے قبل دلہن کو رضامندی ظاہر کرنے کی مکمل آزادی تھی۔
یاد رہے کہ محمد یوسف نے ہما سعید سے 2014 میں دوسری شادی کی تھی،طلاق کے بعد محمد یوسف نے جہیز سمیت نکاح نامے میں درج دیگر شرائط پوری کرنے سے انکار کیا تھا۔