شاہد ندیم سپرا: لیسکو نے تمام سرکلز میں اربوں روپے کی اووربلنگ کیخلاف تحقیقات کرنے کا فیصلہ کر لیا،گریڈ 20 کے افسران کی سربراہی میں اعلی سطح کمیٹیاں تشکیل دیدی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق چیف انجینئر، ڈپٹی ڈائریکٹرز پر مشتمل ہر سرکل میں انکوائری کمیٹی بنا دی گئی ہے۔تحقیقاتی کمیٹیوں کو 15 روز میں رپورٹ فراہم کرنے کے احکامات ، اووربلنگ کرنے والوں کا تعین کرکے رپورٹ فراہم کرنے کے احکامات جاری کئے گئے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کب سے کتنی اووربلنگ ہوئی، کس نے کروائی، ان سب چیزوں کی انکوائری کی جائے گی جبکہ اووربلنگ کی روک تھام کے لئے اقدامات نہ کرنے والے افسران کی نشاندہی کرنے کا حکم بھی دیا گیا۔ایف آئی اے کی جانب سے کریک ڈاؤن کے بعد لیسکو نے بھی انکوائری شروع کردی۔
دوسری جانب وزیر داخلہ سید محسن نقوی کی ہدایت پر اووربلنگ کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور پاور ڈویژن نے اووربلنگ کرنے والوں کیخلاف آپریشن کی حمایت کی ہے۔