ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

گورنر پنجاب کا صدر کو خط; حلف نہ لینے سے متعلق آگاہ کردیا

گورنر پنجاب کا صدر کو خط; حلف نہ لینے سے متعلق آگاہ کردیا
کیپشن: Arif Alvi And Umar Sarfraz Cheema
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:گورنرپنجاب عمر سرفراز چیمہ نے صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی کو خط لکھ کر نومنتخب وزیراعلیٰ حمزہ شہباز سے حلف نہ لینے سے متعلق آگاہ کردیا۔

گورنرپنجاب کی جانب سے صدر کو لکھا گیا خط 6 صفحات پرمشتمل ہے جس میں انہوں نے حلف نہ لینے سے متعلق آئینی وجوہات سے آگاہ کیا ہے۔گورنرپنجاب نے خط میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے استعفے کو متنازع قرار دیا اور کہا کہ نومنتخب وزیراعلیٰ کا انتخاب بھی متنازع ہے۔

خط کے متن میں گورنر کا کہنا ہے کہ اپنی ذمہ داریاں آئین کے مطابق ادا کروں گا، اس لیے آپ کوآگاہ کررہاہوں، ہائیکورٹ نے مجھے آپ کو تحریری طور اپنی وجوہات سے آگاہ کرنے کا حکم دیا تھا، میرے خیال میں یہ حکم دینا درست نہیں۔

خط کے متن کے مطابق تمام ترحالات آپ کے علم میں لارہاہوں تاکہ ضروری کارروائی کی جاسکے، عدالت نے ڈپٹی اسپیکر کو وزیراعلیٰ کا انتخاب شفاف اور غیرجانبدارانہ طور پر  کرانے کی ہدایت کی تھی لیکن ڈپٹی اسپیکر نے وزیراعلیٰ کا انتخاب غیرجانبدار ہوکرنہیں کرایا۔

خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر نے غیرمنصفانہ، غیرشفاف اور جانبدارانہ طریقے سے وزیراعلیٰ کا انتخاب کرایا، ڈپٹی اسپیکرکا اقدام عدالت کی ہدایات اور ان کے حلف کی خلاف ورزی ہے، ڈپٹی اسپیکرکے اقدام کے باعث وزیراعلیٰ کے انتخاب کا عمل آئینی اور قانونی حیثیت نہیں رکھتا، موصولہ رپورٹ اور ویڈیوز کے شواہد کی موجودگی میں وزیراعلیٰ کا انتخاب 73 کےآئین کے مطابق نہیں۔

خط میں کہا گیا ہے کہ آئین کےآرٹیکل 130 کی شق 5 کے تحت وزیراعلیٰ کی حلف برداری کا وقت مقرر نہیں، سیکرٹری اسمبلی کی رپورٹ وزیراعلیٰ کا انتخاب غیرآئینی ہونے کی دلیل ہے، بطورگورنرایک انتہائی متنازع وزیراعلیٰ سےحلف نہیں لےسکتا، وزیراعلیٰ کا انتخاب آئینی خلاف ورزیوں کا مثالی کیس ہے۔

خط میں گورنر پنجاب نے لکھا ہے کہ آرٹیکل 130 کی شق 8 کےتحت وزیراعلیٰ نے استعفیٰ گورنر کے نام تحریرکرنا تھا، وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے وزیراعظم کے نام استعفے پر میری آئینی رہنمائی فرمائی جائے اور وزیراعلیٰ کے متنازع الیکشن کےحل کیلئے بھی میری آئینی رہنمائی کی جائے۔

واضح رہےکہ لاہور ہائیکورٹ نے کل گورنر پنجاب کو حلف برداری سے انکار کیلئے تحریری طور پر آگاہ کرنے کی مہلت دی تھی تاہم گورنر پنجاب کی جانب سے جواب جمع نہ کرائے جانے پر عدالت نے صدر کو ہدایت دی تھی کہ وہ وزیراعلیٰ کی حلف برداری کیلئے کوئی اور نمائندہ مقرر کریں.

اب تک نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف حلف نہیں اٹھا سکے ہیں۔