اثاثہ جات کیس، خواجہ آصف کی درخواست ضمانت سماعت کیلئے مقرر

24 Apr, 2021 | 11:15 AM

Sughra Afzal

(ملک اشرف)  لاہور ہائیکورٹ میں آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں(ن) لیگ کے رہنما خواجہ آصف کی درخواست ضمانت 27 اپریل کو سماعت کیلئے مقرر کردی گئی۔ 

لاہور ہائیکورٹ کی جج جسٹس مس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ خواجہ آصف کی درخواست ضمانت پر سماعت کرے گا، عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کو جواب کی کاپی بنچ کے دوسرے رکن کیلئے جمع کروانے کا حکم دے رکھا ہے۔

 خواجہ آصف کی درخواست ضمانت میں چیئرمین نیب، ڈی جی نیب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا، درخواست ضمانت میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نیب نے منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کے الزامات میں 29 دسمبر کو اسلام آباد سے گرفتار کیا، نیب کو کیس کا ریکارڈ پہلے ہی فراہم کیا جا چکا ہے، احتساب عدالت کے جج نے بھی نیب کے پاس کیس کا تمام متعلقہ ریکارڈ ہونے کی آبزرویشن دی۔

درخواست ضمانت میں مزید موقف اختیار کیا گیا کہ جسمانی ریمانڈ کے دوران نیب نے انکوائری کے شکایت کنندہ کا کوئی ریکارڈ بھی احتساب عدالت میں پیش نہیں کیا، الیکشن کمیشن اور ایف بی آر کے پاس بھی اثاثوں کی تمام تفصیلات موجود ہیں، نیب کو کیس میں مزید ریکوری کی ضرورت نہیں، بلاجواز جیل میں قید رکھا گیا ہے۔

درخواست میں خواجہ محمد آصف کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت منی لانڈرنگ کیس میں بعد از گرفتاری درخواست ضمانت منظور کرنے کا حکم دے۔

مزیدخبریں