علی اکبر: سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہاہے کہ پنجاب حکومت وکلاء کی مشکلات اوران کو درپیش مسائل کے حل کیلئے فوری طور پر بجٹ میں مختص فنڈز جاری کرے، فنڈز جاری کرنے کے حواے سے تاخیر کرنے سے وکلاء کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔
سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہاہے کہ پنجاب حکومت وکلاء کی مشکلات اوران کو درپیش مسائل کے حل کیلئے فوری طور پر بجٹ میں مختص فنڈز جاری کرے، فنڈز جاری کرنے کے حواے سے تاخیر کرنے سے وکلاء کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا اس وقت وبائی مرض کا شکار ہے، پاکستان میں ہر طبقہ معاشی مشکلات کا شکار ہے، پنجاب حکومت احساس پروگرام کے تحت سفید پوش افراد کی مدد کر رہی ہے لیکن وکلاء جو ملک میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ابھی تک محروم ہیں۔
چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ وکلاء کے فنڈز منظور کرنے کیلئے جو سمری تیار کی گئی ہے اسے فوری طور پر منظور کیا جائے کیونکہ وکلاء نہ توکوئی کاروبار کر سکتے ہیں اور نہ ہی نوکری، اس مشکل وقت میں حکومت کا فرض ہے وہ وکلاء برادری کی ہر ممکن مدد کرے۔
دوسری جانب پنجاب بار کونسل نے بھی وکلا کیلئے امدادی پیکج کی رقم تین کروڑ سے بڑھا کر چھ کروڑ کردی. چئیرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل جمیل اصغر بھٹی نے سٹی فورٹی ٹو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء میں رقم کی تقسیم کے لئے تشکیل کردہ کمیٹیوں میں مقامی بار کا صدر ، سیکرٹری اور ممبر پنجاب بار کونسل شامل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت سے ملنے والی دس کروڑ کی گرانٹ بھی اس میں شامل ہوگی،ہر مستحق وکیل کو دس ہزار کی رقم دی جائے گی ۔
جمیل اصغر بھٹی کا کہنا تھا کہ مشکل گھڑی میں وکلاء کو تنہانہیں چھوڑیں گے ، وکلا کے ساتھ کھڑے ہیں ،زیادہ سے زیادہ وکلاء کی مالی امداد یقینی بنائیں گے۔