لاہور میں ٹریفک وارڈن کورونا وائرس کے نشانے پر آگئے

24 Apr, 2020 | 01:33 PM

Sughra Afzal

(سٹی 42) صوبائی دارالحکومت لاہور میں پولیس اہلکاروں کے بعد ٹریفک وارڈن بھی کورونا وائرس  کے نشانے پر آگئے، ماڈل ٹاؤن سیکٹر میں تعینات وارڈن کورونا کا شکار ہو گیا۔

لاہور سمیت پنجاب بھر   میں کورونا وائرس تیزی سے پھیلنا شروع ہوگیا، پولیس اہلکار، وارڈن، ڈاکٹرز، نرسز،  قیدی، بچے بڑے سب اس مہلک وبا سے متاثر ہورہے ہیں، پنجاب میں تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 4767 تک پہنچ گئی،لاہور میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ 885 کنفرم مریض ہیں،  کورونا وائرس سے اب تک پنجاب میں کل 65  جبکہ لاہور میں 32افرادزندگی کی بازی ہار چکے ہیں، 905 افراد نے کورونا کو مات دیدی، 20 مریضوں کی حالت تشویشنا ک ہے، پی کے ایل آئی میں 22، میو میں 169،چلڈرن ہسپتال میں 5، گنگارام ہسپتال میں 6، جنرل میں 3، سروسز میں 28 مریض، جناح ہسپتال میں 2،مزنگ ہسپتال میں10  اور ایکسپو فیلڈ ہسپتال جوہرٹاؤن میں 260 مریض زیر علاج ہیں۔

ذرائع کے مطابق پی آئی سی کا ایک اور ملازم کورونا وائرس کا شکار ہوگیا جس کے بعد پی آئی سی میں کورونا کے شکار افراد کی تعداد 29 ہوگئی ہے، کورونا کے شکار 29 افراد میں 6 ڈاکٹرز، 13 نرسز، 8 دیگر ملازمین، 2 مریض شامل ہیں، کورونا وائرس کے وار سے وارڈن بھی نہیں بچ پائے، ماڈل ٹاؤن سیکٹر میں تعینات وارڈن میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی، کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر وارڈن کو ایکسپو قرنطینہ سینٹر منتقل کر دیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق لاہور میں 6 پولیس اہلکار کورونا وائرس میں مبتلا ہیں، کورونا وائرس کا شکار ہونے والوں میں زیادہ تر اہلکاروں کی ڈیوٹی ناکوں اور قرنطینہ سینٹرزمیں تھی۔

طبی ماہرین کے مطابق کورونا وائرس بخار سے شروع ہوتا ہے جس کے بعد خشک کھانسی آتی ہے، یہ وائرس سانس کے ذریعے ایک سے دوسرے انسان میں منتقل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے، شہری کورونا وائرس سے بچنے کیلئے گرم پانی پیئں، ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے اجتناب کریں، گھر سے باہر نکلتے وقت ماسک استعمال کریں۔

مزیدخبریں