(عابد چودھری)زندگی ہے تو سب کچھ ہے لیکن تیز رفتاری اور آئے روز ٹریفک حادثات میں اضافے سے ایسے معلوم ہوتا ہے کے شہریوں کو ان کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ گلدشت ٹاؤن کے قریب رنگ روڈ پر کار اور ٹرالی میں تصادم سے خاتون سمیت 2افراد جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق بدلتے دور نے جہاں ہمیں بے شمار ایجادات کے حیرت انگیز نظارے دکھائے وہیں ہمیں سفر طے کرنے کے لئے جدید سواریوں جہاز، ٹرین، بس، کار اور موٹر سائیکل وغیرہ کا بھی تحفہ دیا جو کہ یقیناً ہمارے لیے بہت مُفید ہے کہ ان جدید سواریوں کے ذریعے سے ہم دِنوں کے سفر گھنٹوں اور گھنٹوں کے سفر منٹوں میں طے کرلیتے ہیں, مگر افسوس تیز رفتار ڈرائیونگ کرنے والوں کے سبب آئے دن لوگ حادثات کا شکار ہوتے رہتے ہیں۔
چند خوش قسمت لوگوں کو چھوڑ کر ان حادثات کا شکار ہونے والے افراد زخمی ہوکر عمر بھر کی معذوری حتی کہ بعض تو موت کے گھاٹ اتر جاتے ہیں, گلدشت ٹاؤن کے قریب رنگ روڈ پر افسوس ناک واقعہ پیش آیا جہاں کار اور ٹرالی میں تصادم سے خاتون سمیت 2افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ حادثے میں2 شدید زخمی ہوئے۔
پولیس کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، جاں بحق ہونیوالے 2 افراد کی لاشیں مردہ خانے منتقل کر دیں گئیں، جاں بحق افراد کی شناخت 25 سالہ زاہد،23 سالہ صفیہ بی بی کے نام سے ہوئی۔
گاڑیوں، بسوں اور رکشوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ اور قوانین پر عمل نہ کرنے کے باعث ٹریفک حادثات پہلے کی نسبت زیادہ ہو رہے ہیں۔گزشتہ پانچ سال میں ٹریفک حادثات میں زندگی سے محروم ہونے والے افراد کی تعداد دہشت گردی کا ہدف بننے والے افراد سے کئی گنا زیادہ ہے۔ ٹریفک حادثات کی بنیادی وجہ ٹریفک قوانین کی کھلے عام خلاف ورزی ہے۔