جنید ریاض: ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کی شہر میں قائم غیر رجسٹرڈ سکولوں کو آخری وارننگ، 31 مئی تک رجسٹریشن نہ کرائی تو متعلقہ سکولوں کو سیل کردیا جائے گا، سی ای او ایجوکیشن پرویز اختر خان کا کہنا ہے کہ سکولوں کی رجسٹریشن کے لئے متعلقہ تحصیل کے اسسٹنٹ کمشنرز کو درخواست جمع کرائی جاسکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کا شہر میں قائم غیر رجسٹرڈ سکولوں کو آخری وارننگ جاری کردی ہے، غیر رجسٹرڈ سکولوں کے لئے 31 مئی تک رجسٹریشن کرانا لازمی ہوگا۔ رجسٹریشن نہ کرانے کی صورت میں متعلقہ سکولوں کو سیل کردیا جائے گا، سی ای او ایجوکیشن پرویز اختر خان کا کہنا ہے کہ تین ماہ سے زائد کا عرصہ سے کھلے ہوئے سکولوں کے لئے رجسٹریشن کرانا لازمی ہے۔
پرویز اختر خان کا مزید کہنا تھا کہ ابھی تک لاہور میں 3000 رجسٹرڈ سکولوں کا ڈیٹا اکھٹا کرلیا گیا ہے اور انھوں نے بتایا کہ شہر میں 2200 کے قریب غیر رجسٹرڈ سکولز موجود ہیں۔ پرویز اختر نے مزید کہا کہ لاک ڈاؤن کے بعد لاہور کی پانچ تحصیلوں میں غیر رجسٹرڈ سکولوں کا سروے کرایا جائے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ غیر رجسٹرڈ سکولز 31 مئی سے قبل متعلقہ تحصیل میں رجسٹریشن کے لئے اسسٹنٹ کمشنر کو فوری درخواست جمع کروائیں بصورت دیگر ان کے خلاگ سخت کاروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب لاک ڈاون کے باعث میٹرک امتحان کے نتائج تاخیر کا شکار ہونے کا خدشہ ہے، محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب نے امتحانات کی مارکنگ شروع کرنے کی تجویز دے دی ہے اور مارکنگ کے لئے چیف سیکرٹری پنجاب سے اجازت مانگ لی اور اجازت ملنے پر 2 سے 3 دن میں مارکنگ شروع کی جائے گی۔
پہلے سے قائم سنٹرز میں اساتذہ کی ڈیوٹیاں لگائی جائیں گی اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے مارکنگ مکمل کی جائے گی۔