لاہور میں کورونا کے وار تیز، 32 افراد جاں بحق، 885 متاثر

24 Apr, 2020 | 09:20 AM

Sughra Afzal

(سٹی 42) کورونا وائرس نے پوری دنیا کے بعد اب پاکستان میں بھی اپنے وار تیز کر دیئے ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 17 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ملک میں مہلک وبا سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 237 ہوگئی جبکہ مزید نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مصدقہ مریضوں کی تعداد 11145 تک پہنچ گئی ہے۔

ملک بھر میں ہونے والی 237 ہلاکتوں میں سے اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 85 افراد انتقال کرچکے ہیں،اس کے علاوہ سندھ میں 73، پنجاب میں 65، بلوچستان میں8 جب کہ گلگت بلتستان اوراسلام آباد میں تین، تین افراد اس مہلک وائرس کے باعث ہلاک ہوئے۔2337 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار  نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر  پنجاب میں کورونا کے  مریضوں کےاعدادو شمار جاری کیے جس کے مطابق پنجاب میں اس وقت کورونا کے 4767 مریض ہیں،  کورونا وائرس سے اب تک پنجاب میں کل 65 جبکہ لاہور میں 32 افرادزندگی کی بازی ہار چکے ہیں، 905 افراد نے کورونا کو مات دیدی، 20 مریضوں کی حالت تشویشنا ک ہے۔

لاہور میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ 885 کنفرم مریض ہیں، روالپنڈی میں 197، جہلم میں 37، اٹک میں 14، چکوال میں4، گجرانوالہ میں 116، سیالکوٹ میں 90، نارووال میں10، گجرات میں 169، حافظ آباد میں 12، منڈی بہاؤ الدین میں12، ملتان میں 46، وہاڑی میں 35،  شیخوپورہ میں 19، قصور میں55، فیصل آباد میں 52، چنیوٹ میں 11، جھنگ میں 36، رحیم یار خان میں62، سرگودھا میں 33، میانوالی میں 13، خوشاب میں9، بہاولنگر میں 8، بہاولپور میں 11، لودھراں میں 3، ڈی جی خان میں 22، پاکپتن میں 4، ٹی ٹی ایس میں 7 ، خانیوال میں 3 اور ننکانہ صاحب1، اوکاڑہ3 اور لیہ میں 2، کورونا کے کنفرم مریض ہیں۔

طبی ماہرین کے مطابق کورونا وائرس بخار سے شروع ہوتا ہے جس کے بعد خشک کھانسی آتی ہے، یہ وائرس سانس کے ذریعے ایک سے دوسرے انسان میں منتقل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے، کورونا وائرس کی علامات میں سانس لینے میں دشواری، بخار، کھانسی اور نظام تنفس سے جڑی دیگر بیماریاں شامل ہیں۔

یادرہےکہ 24 مارچ سے لاہور سمیت پنجاب بھر میں  کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے لاک ڈاؤن نافذ ہے ، لاہور میں آج لاک ڈاؤن کا 31 واں روز ہے،  تمام  شاپنگ مالز، مارکیٹیں، تعلیمی ادارے، سینما گھر، شادی ہالز،  سیاحتی مقامات اور پارکس بند ہیں، پبلک ٹرانسپورٹ ،ریلوے کا پہیہ جام ہے،کھیلوں کے میدانوں پر تالے لگے ہیں۔

مزیدخبریں