لاہور میں ڈاکوؤں نے ایک اور خاندان اجاڑ دیا

24 Apr, 2020 | 08:30 AM

Sughra Afzal

لیاقت آباد (عابد چودھری) شہر میں لاک ڈاﺅن کے باوجود سنگین جرائم کی وارداتیں کم نہ ہوسکیں، لیاقت آباد میں ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوﺅں نے فائرنگ کرکے بیکری کے سیلز مین کو قتل کردیا، رواں سال مزاحمت پر ڈاکوﺅں کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 9 ہوگئی ۔

 شہر  میں ڈاکوﺅں نے ایک اور خاندان اجاڑ دیا، لیاقت آباد میں مزاحمت پر ڈاکوﺅں نے چار بچوں کے باپ سے زندگی چھین لی، مقتول فاروق بیکری پر موجود تھا کہ مسلح ڈاکو بیکری میں داخل ہوئے اور اسلحہ کے زور پر لوٹ مار شروع کردی ، مزاحمت پر ڈاکوﺅں نے فائرنگ کرکے فاروق کو زخمی کردیا، جسے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ دم توڑ گیا۔پولیس ریکارڈ کے مطابق رواں سال شہر میں ڈاکوﺅں کی فائرنگ سے آٹھ افراد جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔

دوسری جانب سمن آباد میں نامعلوم شخص نے موٹرسائیکل سوار نوجوان کا گلا کاٹ دیا، پولیس نے مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کر کے کارروائی شروع کر دی۔ پولیس کے مطابق موٹرسائیکل سوار نوجوان سلیم سمن آباد کے قریب سے جا رہا تھا کہ اسی دوران اسکے ساتھی نے اس پر چھریوں کے وار سے حملہ کر دیا، سلیم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔

خاندانی دشمنی ، لڑائی جھگڑا، محبت میں ناکامی اور ڈاکوﺅں کی بے رحمی ، شہر میں رواں سال قتل ہونے والوں کی تعداد ایک سو سولہ ہو گئی، پولیس ریکارڈ کے مطابق سٹی ڈویژن میں سب سے زیادہ 35 افراد قتل ہوئے، صدر ڈویژن میں 30، کینٹ ڈویژن میں 17 ، سول لائنز میں 12 افراد قتل ہوئے، اسی طرح اقبال ٹاﺅن ڈویژن میں 12 اور ماڈل ٹاﺅن ڈویژن میں 11 افراد قتل ہوئے جبکہ پولیس لاک ڈاﺅن کے باوجود جرائم پیشہ افراد کو نکیل ڈالنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔

مزیدخبریں