بیرون ملک کھلاڑی غائب ہونے کی بھاری سزا، آفیشلز کو مل گئی

23 Sep, 2024 | 10:11 PM

سٹی 42:   پاکستانی باکسرز کے بیرون ملک غائب ہو جانے  کی سزا باکسنگ فیڈریشن کے صدر اور سیکرٹری کو مل گئی، پاکستان سپورٹس بورڈ نے  پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے عہدیداروں پر تاحیات پابندی لگادی۔

پاکستان سپورٹس بورڈ کی انکوائری کمیٹی نے پاکستانی باکسرز کے آفیشل ٹؤر کے دوران بیرون ملک جا کر غائب ہو جانے کے واقعہ کی تحقیقات کیلئے انکوائری کمیٹی بنائی تھی،  انکوائری کمیٹی نے تحقیقات کرکے باکسنگ ایسوسی ایشن کے  دونوں عہدیداروں پر  پابندی کی سفارش کی تھی۔

 آج پاکستان اسپورٹس بورڈ کے بورڈ آف گورنر کے اجلاس میں کمیٹی کی سفارشات پر عمل درآمد کرنےکی منظوری دی گئی۔کمیٹی کی سفارشات پر  پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے صدر  خالد محمود  اور  سیکرٹری ناصر  تونگ پر  تاحیات پابندی لگا دی گئی۔ 

خالد محمود پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری بھی ہیں۔  آج ان کی پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن میں حیثیت پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔

 واقہ یہ ہوا تھا کہ کامن ویلتھ گیمز کیلئے انگلینڈ جانے والے 2 پاکستانی باکسر  انگلینڈ جا کر غائب ہوگئے  تھے۔  اسی پر بس نہیں ہوابلکہ اٹلی میں ہونے والے باکسنگ ایونٹ میں بھی ایک باکسر  اپنا پاسپورٹ لےکر فرار  ہوگیا تھا۔

سیکرٹری پاکستان باکسنگ فیڈریشن  ناصر تونگ  نے خود پر پابندی لگائے جانے پر ایک روایتی بیان داغ دیا اور کہا کہ سپورٹس بورڈ کا  فیصلہ غیر آئینی اور غیر قانونی ہے، انکوائری کمیٹی نے ان کا کوئی مؤقف نہیں سنا۔  ناصر تونگ کا کہنا ہےکہ وہ  پابندی کو  چیلنج کریں گے، پاکستان اسپورٹس بورڈ  باکسنگ فیڈریشن کے صدر  اور سیکرٹری  پر  پابندی نہیں لگا سکتا۔

مزیدخبریں