امیدوار کو کیا شرائط پوری کرنی ہوں گی؟ الیکشن کمیشن نے ترامیم تجویز کر دیں

23 Sep, 2023 | 05:41 PM

Ansa Awais

ویب ڈیسک: الیکشن کمیشن نے نئے فارمز سمیت الیکشن رولز میں 18 ترامیم تجویز کر دیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن رولز میں ترامیم پر اعتراضات 7 اکتوبر تک جمع کرائے جا سکتے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے تجویز کیا ہے کہ امیدوار الیکشن اخراجات کے لیے نیا بینک اکاؤنٹ کھولے یا موجودہ اکاؤنٹ کو ہی مختص کرے تاہم بینک اکاؤنٹ، جوائنٹ اکاؤنٹ نہیں ہو گا، امیدوار الیکشن اخراجات کے حوالے سے رسید، بل، چالان اور واؤچر سمیت ہر ادائیگی کا ریکارڈ رکھے گا۔

یہ تجویز بھی پیش کی گئی ہے کہ الیکشن درخواست ایک لاکھ روپے کے ساتھ جمع کرائی جائے گی، کاغذات نامزدگی کے ساتھ جمع رقم ناقابل واپسی ہو گی، رقم حکومتی خزانے میں جمع کرائی جائے گی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق کسی اور شخص کو الیکشن اخراجات کرنے کی اجازت دینے پر امیدوار اس کا بھی تمام تر ریکارڈ دے گا، فنانسنگ کرنے والےکا شناختی کارڈ، اخراجات کی اقسام اور آمدن کے ذرائع بھی دیے جائیں گے۔

امیدواروں کی انتخابی نشان کے ساتھ فہرست ویب سائٹ پر بھی آویزاں کی جائیں گی، امیدوار آر او کو الیکشن اخراجات کے ساتھ مہم کی فنانسنگ کی تفصیلات بھی دے گا، آر او مسترد شدہ ووٹ کو امیدوار اور الیکشن ایجنٹ کی موجودگی میں کھولے گا، آر او عبوری اور حتمی نتیجے کو فارم 47، 48 اور 49 پر خود تیار کر کے سیل کرے گا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن اخراجات کے لیے دو نئے فارم 67 اور 68 بھی شامل کیے جائیں گے، امیدوار کی ملک، بیرون ملک غیر منقولہ پراپرٹی، خریدے گئے اثاثوں کی تفصیلات بھی جائیں گی۔ اس کے علاوہ امیدوار کی گاڑیوں، زیور، بینک یا نقدی کی تفصیلات بھی فارم میں جمع کرائی جائیں گی۔

الیکشن کمیشن کی تجاویز میں یہ بات بھی شامل ہے کہ پارٹی سربراہ انٹرا پارٹی الیکشن کے انعقاد سے 15 روز قبل الیکشن شیڈول الیکشن کمیشن کو ارسال کرے گا، انٹرا پارٹی الیکشن کے انعقاد کے 7 روز کے اندر کمیشن کو آگاہ کیا جائے گا۔ الیکشن رولز میں پیش کی گئی ترامیم میں کہا گیا ہے کہ سیاسی جماعتوں پر کیا گیا جرمانہ حکومتی خزانے میں جمع ہو گا، الیکشن اخراجات کے لیے سیاسی جماعت کو 10 لاکھ روپے سے زائد عطیہ دینے والوں کی تفصیلات دینا ہوں گی، سیاسی جماعت کی فنانسنگ کے لیے نیا فارم 69 بھی شامل کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ دو روز قبل الیکشن کمیشن کی جانب سے ملک میں جنوری 2024 کے آخری ہفتے میں عام انتخابات کروانے کا اعلان کیا گیا تھ اور کہا گیا تھا کہ 30 نومبر کو حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست بھی جاری کر دی جائے گی۔

مزیدخبریں