ویب ڈیسک: انسٹاگرام پر براڈکاسٹ چینلز صارفین کو تخلیق کاروں کی جانب سے نئی اپ ڈیٹس دیتے ہیں لیکن صارفین مسلسل آنے والی نوٹیفکیشن سے پریشان بھی ہوجاتے ہیں اور گزشتہ دنوں اپنی بھڑاس سوشل میڈیا پر بھی نکال چکے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق صارفین نے انسٹاگرام کے نئے براڈکاسٹ چینلز کو تنقید کا نشانہ بنایا کیونکہ ان کا دعویٰ ہے کہ ان گنت نوٹیفکیشنز انہیں پریشان کررہی ہیں۔میٹا کی جانب سے انسٹاگرام چینلز متعارف کرائے جانے کے محض 48 گھنٹوں بعد ہی صارفین نے شکایات کا انبار لگا دیا۔
تخلیق کاروں کے پاس اپنے براڈکاسٹ چینلز کے ذریعے اپنے مداحوں کو ویڈیوز، ٹیکسٹس اور یہاں تک کہ وائس نوٹ بھیجنے کی صلاحیت ہے اور اس کے نوٹیفکیشنز صارفین کو جاتے ہیں۔
لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ آپ کے اسمارٹ فون میں ان نوٹیفکیشنز سے نجات دلانے کا ایک آسان طریقہ موجود ہے؟
طریقہ کار:
اگر نوٹیفکیشنز بہت زیادہ تعداد میں آرہے ہیں تو انسٹاگرام انہیں آف کرنے کی صلاحیت فراہم کرتا ہے۔اسمارٹ فون پر چینلز کی نوٹیفکیشنز سے بچنے کے لیے اپنے انسٹاگرام پروفائل پیج پر جائیں اور اوپر دائیں کونے میں تین سیدھی لائنوں پر ٹیپ کریں۔'سیٹنگز اینڈ پرائیویسی' کے آپشن کو سلیکٹ کریں اور اسکرین کے نیچے ایک چھوٹا مینو پاپ اپ ہوگا، یہ آپ کو ایک نئے صفحہ پر لے جائے گا جہاں آپ 'میسجز اور کالز' کو ٹیپ کرنے سے پہلے 'نوٹیفکیشنز' کے آپشن کو منتخب کریں گے۔
'آن' اور 'آف' کا آپشن اسی لیے ہے کہ صارفین اپنی ترجیحات کے مطابق انہیں استعمال کرسکتے ہیں۔جو لوگ تھوڑا مزید پرسکون وقت چاہتے ہیں وہ 'کوئیٹ موڈ' میں بھی منتخب کر سکتے ہیں جو رات کے وقت یا مصروفیت کے اوقات میں خود بخود نوٹیفکیشنز کو خاموش کر دیتا ہے۔