شہزاد خان : موسلادھاربارش نے شہر کے درجنوں نشیبی علاقوں کوڈبو دیا۔رنگ روڈ کے اطراف کی آبادیاں،جوڑے پل ،شمالی لاہور سمیت متعدد آبادیاں، رہائشی کالونیاں زیر آب آگئیں، کاروبارِ زندگی معطل ہوکر رہ گیا۔
جمعہ اورہفتہ کی درمیانی شب اور صبح سویرے ابرکرم برسنے کا سلسلہ جاری رہا۔ بارش سے حبس اور گرمی سے تو نجات مل گئی مگر نشیبی علاقے پانی سے بھر گئے۔ رنگ روڈ کے اطراف کی آبادیاں، رہائشی کالونیوں اور رہائشی سکیموں میں پانی کے ڈیرے ہیں۔ جوڑے پل بہارشاہ روڈ، خواجہ احمد حسان روڈ، میاں امیرالدین پارک، ایل ڈی اے تاجپورہ سکیم، الکریم پریمیر ہاؤسنگ سکیم، صلی ٹاون، الطاف کالونی، الفیصل ٹاون، ضرار شہید روڈ، غوث الاعظم کالونی اور دیگرعلاقے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ ان علاقوں میں امور زندگی اور کاروبار معطل ہے۔ مکینوں نے شکوہ کیا انتظامیہ کی تمام تر توجہ پوش علاقوں سے پانی کے اخراج پر مرکوز ہے اور ان علاقوں کا کوئی پرسان حال نہیں۔
کھیل کے میدانوں میں پانی بھر گیا
ہفتہ کے روز موسلا دھار بارش سے شہر میں درجنوں کھیل کے میدان بھی زیر آب آ گئے۔ سیشن کورٹ سے ملحقہ بابا گراؤنڈ میں بھی بارشی پانی جمع ہو گیا ۔ نکاسی آب کےانتظامات نہ کیےجاسکے۔
کرکٹ کلب میں بارشی پانی جمع ہونے سےپریکٹس سیشن نہ ہو سکے۔سیشن کورٹ سےملحقہ گرائونڈ میں شہریوں کوپارکنگ میں مشکلات کاسامنارہا۔ پانی کی نکاسی کیلئے ٹیم نہ پہنچی۔ شہریوں کاکہنا ہے بارش کے بعد دو سے تین دن کھیل کے میدانوں میں پانی کھڑا رہتا ہے۔ضلعی انتظامیہ پانی کی نکاسی کے بروقت اقدامات نہیں کرتی۔ اس پانی کی وجہ سے ڈینگی پھیلنے کا امکان بھی رہتا ہے۔