(سٹی42) پاکستان کے معروف صحافی ایاز امیر کے بیٹے نے اپنی اہلیہ کو بے دردی سے قتل کردیا ، ملزم شاہنواز امیر نے کینیڈین نژاد سارہ سے تیسری شادی کی تھی۔
چک شہزاد میں صحافی ایاز میر کے بیٹے شاہنواز نے اپنی بیوی سارہ کو جم کے ڈمبل سر میں مار مار کر قتل کردیا، اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی، پولیس نے صحافی ایاز امیر کی بہو کی لاش کو پوسٹمارٹم کیلئے پولی کلینک ہسپتال منتقل کردیا۔
پولیس نے بتایا کہ ایاز امیر کے صاحبزادے شاہنواز امیر کو حراست میں لے لیا گیا، فرانزک ٹیم نے موقع سے شواہد اور آلہ قتل برآمد کرکے لیبارٹری بھجواد یئے۔
مقتولہ سارہ اور شاہنواز کا رابطہ اور شادی کب کیسے ہوئی؟
ذرائع کے مطابق ایاز امیر کی بہو گزشتہ روز ہی دبئی سے پاکستان پہنچی تھیں اور پاکستان پہنچ کر انہوں نے گزشتہ روز ہی گاڑی بھی خریدی تھی، مقتولہ سارہ دبئی میں ملازمت کرتی تھیں اور دونوں کی تین ماہ پہلے ہی شادی ہوئی تھی، مقتولہ کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شاہنواز سے رابطہ ہوا تھا، پھر دونوں نے شادی کر لی۔
شاہنوا زنے بیوی کو کیسے اور کیوں قتل کیا؟
ذرائع کے مطابق سارہ اور شاہنواز کے درمیان تکرار ہوئی تھی جس کے بعد شاہنواز نے سارہ کے سر پر ڈمبل مارا، سر پر چوٹ لگنے پر سارہ بےہوش ہو گئی تو شاہنواز نے اسے باتھ روم کے ٹب میں ڈال کر پانی کھول دیا جس سے اس کی موت واقع ہو گئی۔
واردات کے وقت بیٹے شاہنواز کے نشے میں ہونے سے متعلق سوال پر ایاز امیر کا کہنا تھا اس بارے میں کیا کہہ سکتا ہوں، یہ قانونی معاملہ ہے۔