(مانیٹرنگ ڈیسک) ماہر فلکیات ڈاکٹر جاوید اقبال نے رواں سال کا آخری سورج گرہن 25 اکتوبر بروز منگل کو لگنے کی پیشگوئی کردی۔
ماہر فلکیات ڈاکٹر جاوید اقبال کے مطابق جزوی سورج گرہن پاکستان سمیت یورپ ،ایشیا، شمال مشرقی افریقا کے کئی ممالک میں دیکھا جائے گا، پاکستان میں جزوی طور پر سورج کو گرہن لگے گا اوراس کا آغاز مقامی وقت کے مطابق دوپہر 3 بج کر 57 منٹ پر ہوگا، اس دوران سورج کا ایک حصہ گہرا ہوجائے گا، ، جزوی اور رواں سال کے آخری سورج گرہن کا مجموعی دورانیہ 2 گھنٹے ہوگا، پاکستان میں سورج گرہن کا اختتام 5:56 منٹ پر ہوگا۔
یادرہےکہ زمین پر سورج گرہن اس وقت لگتا ہے جب چاند دورانِ گردش زمین اور سورج کے درمیان آ جاتا ہے، جس کی وجہ سے سورج کا مکمل یا کچھ حصہ دکھائی دینا بند ہو جاتا ہے، اس صورت میں چاند کا سایہ زمین پر پڑتا ہے چونکہ زمین سے سورج کا فاصلہ زمین کے چاند سے فاصلے سے 400 گنا زیادہ ہے اور سورج کا محیط بھی چاند کے محیط سے 400 گنا زیادہ ہے، اس لیے گرہن کے موقع پر چاند سورج کو مکمل یا کافی حد تک زمین والوں کی نظروں سے چھپا لیتا ہے،چاند کے سورج اور زمین کے درمیان آجانے کا عمل سورج گرہن کہلاتا ہے۔