سٹی 42: لندن بیٹھے ن لیگ کے قائد نواز شریف کو لاہور میں کورونا ویکسین لگ گئی۔ محکمہ صحت کی درخواست پر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ حرکت میں آگیا، کوٹ خواجہ سعید ہسپتال کا ریکارڈ قبضے میں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق نواز شریف کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگوانے کا معاملہ منظر عام پر آیا تو محکمہ صحت نے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ سے انکوائری کرنے کی درخواست کر دی جس کے بعد ایف آئی اے کی ٹیم کوٹ خواجہ سعید ہسپتال پہنچ گئی۔ ایف آئی اے کی ٹیم کے ساتھ محکمہ صحت کے افسران بھی شامل تھے۔ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کی ٹیم نے کوٹ خواجہ سعید ہسپتال کا ریکارڈ قبضے میں لیکر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور سیکرٹری صحت ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کی ہدایت پر ایم ایس کوٹ خواجہ سعید ہسپتال نے واقعہ کی تحقیقات کے لئے 3 رکنی ٹیم فوری تشکیل دے دی۔ کمیٹی میں ڈاکٹر منیر احمد چیئرمین جبکہ ڈاکٹر سلمان احمد خان اور ڈاکٹر سلطان ہارون رکن ہوں گے۔ کمیٹی کورونا ویکسین کے غلط اندراج کے حوالہ سے تمام پہلوؤں کا احاطہ کر کے ذمہ داران کا تعین کر ے گی۔
سیکرٹری صحت ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کا کہنا ہے کہ کمیٹی متعلقہ ڈاکٹرز اور اسٹاف سے تحقیق کر کے اگلے 24 گھنٹے میں رپورٹ پیش کرے گی۔ ایم ایس کوٹ خواجہ سعید ہسپتال نے ویکسین کے غلط اندراج پر انٹری آپریٹرز ابوالحسن اور عادل رفیق کو معطل کردیا ہے۔