ویب ڈیسک: گذشتہ 11 روز میں لاہور پولیس 2707 بھکاریوں کو گرفتار کر چکی ہے اور مزید فقیروں کو قانونی گرفت میں لینے کے لیے بھی کارروائیاں کی جاری ہیں۔لیکن دوسری جانب اس وقت تک ان تمام گرفتار شدگان کی ضمانتیں عدالت سے منظور ہو چکی ہیں۔
لاہور پولیس کے ترجمان عارف رانا کے مطابق ہم نے ان سب گداگروں کو مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا لیکن وہاں سے ان سب کو بری کر دیا گیا ہے۔
عارف نے بتایا کہ ان بھکاریوں کے ساتھ ان کے سہولت کار بھی پکڑے گئے تھے جو ان میں سے کسی کا بھائی تھا، کسی کا والد اور کسی کا چچا تھا۔ ’عملاً ان پر مقدمہ بنتا نہیں ہے ہم انہیں اس کے باوجود دفعہ 102 کے تحت اندرکر دیتے ہیں لیکن ان کی بھی ضمانت ہو جاتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ان بھکاریوں کو گداگری ایکٹ کے تحت کچہری میں مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جاتا ہے جس کے بعد یہ عدالت کی صوابدید ہے کہ وہ انہیں ایک دو روز کے لیے جوڈیشل کرتے ہیں یا ضمانت پر چھوڑ دیتے ہیں۔ دوسری جانب لاہور آپریشن ونگ کے ایک پولیس افسر نے بتایا کہ تمام پکڑے جانے والے بھکاریوں کی ضمانتیں تو ہو گئی ہیں لیکن اگر وہ دوبارہ سڑک پر آئے تو انہیں پھر سے گرفتار کر لیا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بہت جلد ان سہولت کاروں کو بھی گرفتار کر لیا جائے گا جنہوں نے سینکڑوں کی تعداد میں گداگروں کی ضمانتیں کروائیں۔