سٹی42: ڈیفنس کے علاقے میں شہری وحید احمد کے گھر ڈکیتی کی واردات کرنیوالا کھاری گینگ گھریلو ملازم سمیت گرفتار کر لیا گیا ۔ ملزمان سے چالیس لاکھ روپے کی نقدی اور دیگر سامان برآمد کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان میں سرغنہ افتخار عرف کھاری اورساتھی طاہر، نصیر، وسیم اورگھریلو ملازم عادل شامل ہیں ۔ملزمان نے تقریباًڈیڑھ ماہ قبل گن پوائنٹ پراہلخانہ کو یرغمال بنا کر ڈکیتی کی تھی اور دوران واردات گھر سے 40لاکھ روپے نقدی اور طلائی زیورات لوٹ لیے تھے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان ڈکیتی کی واردات کے بعد اہلخانہ کو کمرے میں بند کرکے فرار ہو گئے تھے۔ پولیس نے ملزمان سے گن پوائنٹ پر لوٹی گئی رقم 40 لاکھ روپے اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا ہے، جبکہ ملزمان نے شہر کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی اور راہزنی کی متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال کے پہلے ماہ جرائم پیشہ افراد کی تین سو سے زائد ریکارڈ وارداتیں، ماہ جنوری میں 28 افراد قتل اور چار افراد ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں کی گولیوں کا نشانہ بنے جبکہ پولیس کی کارکردگی مایوس کن رہی۔لاہور کے باسیوں کے لئے سال دوہزار بیس کا آغاز کچھ اچھا نہ رہا۔
رواں سال کے پہلے ایک ماہ میں جرائم پیشہ افراد نے شہریوں کے جان و مال پر تابڑ توڑ حملے کئے۔ چوری اور ڈکیتی کی سب سے زیادہ وارداتیں صدر ڈویژن میں رپورٹ ہوئیں۔ شہریوں سے نہ صرف راہ چلتے بلکہ دن دیہاڑے گھروں اور جہاں ڈاکوؤں کا دل چاہا لوٹ مار کی گئی۔